آئینی حکومت عدن میں معاملات کی مسلسل نگرانی کرے گی،یمنی وزیراعظم

یمنی وزیراعظم سعودی عرب روانہ،ریاض میں خلیجی منصوبے کے سرپرستوں سے ملیں گے

اتوار 13 اگست 2017 16:30

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) یمن کے وزیر اعظم احمد عبید بن دغر عارضی دارالحکومت عدن سے ریاض روانہ ہو گئے۔ وہ سعودی دارالحکومت میں موجود یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی سے مشاورت کے علاوہ یمن کے لیے مستقل سفیروں اور خلیجی منصوبے کے سرپرستوں سے ملاقات بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عدن کے ہوائی اڈے سے روانہ ہوتے وقت بن دغر نے باور کرایا کہ آئینی حکومت عدن میں ہر چھوٹے بڑے معاملے کو بغور زیر جائزہ رکھنے کا سلسلہ جاری رکھے گی تا کہ پانی ، بجلی ، تیل کی مصنوعات اور صحت عامہ سمیت تمام خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

بن دغر کا کہنا تھا کہ عارضی دارالحکومت عدن میں حالات پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں متعدد منصوبوں اور ریاستی اداروں کے صدر دفاتر کا افتتاح شامل ہے۔