امریکی مشیروں کا وفدسعودیہ ،امارات ،مشرق وسطیٰ کا دورہ کرے گا،وائٹ ہائوس

ٹرمپ کے مشیر خلیجی اور مصری قیادت سمیت دیگر ملکوں کی سیاسی لیڈر شپ سے بھی ملاقات کریں گے،بیان

اتوار 13 اگست 2017 16:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مشیر برائے مشرق وسطیٰ گریڈ کوچنر، ڈینا پاول اور خصوصی امن ایلچی جیسن گرین بیلٹ جلد ہی مشرق وسطیٰ کے دورے پر آئیں گے۔امریکی ٹی وی کے مطابق وائیٹ ہائوس سے جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ امریکی حکومت کے مشیران اپنے متوقع دورے میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، مصر، اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا بھی دورے کریں گے۔

(جاری ہے)

قطر اور خلیجی ملکوں اور مسجد اقصیٰ میں کشیدگی کے بعد امریکی حکام کا یہ خطے کا پہلا دورہ ہے۔وائیٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ مشیران کا وفد رام اللہ ، تل ابیب اور القدس کا دورہ بھی کرے گا۔ اس دورے کا مقصد مشرق وسطیٰ میں تشدد کے خاتمے اور امن مساعی کو زندہ کرنا ہے۔امریکی حکومت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران صدر ٹرمپ کے مشیر خلیجی اور مصری قیادت سمیت دیگر ملکوں کی سیاسی لیڈر شپ سے بھی ملاقات کریں گے۔