رکن صوبائی اسمبلی کشور زہرہ اور چیئرمین بلدیہ شرقی کا ہینڈز انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر کا دورہ

اتوار 13 اگست 2017 17:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) رکن صوبائی اسمبلی کشور زہرہ اور چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے یوسی 11 میں ہینڈز انڈیپنڈنٹ لیونگ سینٹر کا دورہ کیا اور سینٹر میں موجود اسپیشل بچوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے سینٹر میں دی جانی والی سہولیات کا معائنہ کیا اور جشن آزادی کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر خصوصی بچوں میں ملک سے محبت کا جذبہ نمایاں نظر آیا، سینٹر کی انتظامیہ نے اس موقع پر چیئرمین معید انورکو سینٹر میں سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہاں بچوں کی رہائش سے لے کر ان کی کھانے پینے و دیگر تمام ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے۔

چیئرمین معید انور نے تمام سہولیات کا معائنہ کرنے کے بعد سینٹرکی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا آپ لوگ یہ نیک امر کر رہے ہیں جس کا صلہ دنیا و آخرت دونوں جگہ ملے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین معید انور نے کہا کہ آپ بچوں سے ہی ہمیں حوصلہ اور لگن ملتا ہے اور اپنے ملک و شہر کیلئے کچھ کر گزرنے کی جستجو پیدا ہوتی ہے، آپ سب بچے ہماری آنکھوں کے تارے ہیں اور ہم ہر مشکل اور اچھے وقت میں آپ کا ساتھ دیں گے، اسپیشل بچوں میں خداداد صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں جس سے استفادہ حاصل کیا جائے تو انہیں معاشرے کا اہم ستون بنایا جا سکتا ہے۔

چیئرمین معید انور نے اسپیشل بچوں کیلئے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے زیر اہتمام تمام پارکوں میں بچوں کی فری انٹری کو یقینی بنایا جائیگا جبکہ اس کے علاوہ وہیل چیئر اور الگ سے واش روم کا قیام بھی یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچوں کی مدد کیلئے ضلعی سطح پر جو کچھ ہوسکا وہ کریں گے۔ رکن صوبائی اسمبلی کشور زہرہ نے بھی اس موقع پر کہا کہ یہ دیکھ کر بہت سکون و اطمینان ملتا ہے کہ یہ بچے اپنے اندر کسی کمی کو محسوس کئے بغیر ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کرتے اور مسکراتے نظرآتے ہیں جس سے ہمیں بھی نصیحت لینی چایئے اور ہر حال میں اپنے ارد گرد ایسے لوگوں کا خصوصی خیال رکھنا چایئے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنی چایئے۔

اس موقع پر یوسی 11 کے چیئرمین محمد مرسلین بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :