بھارت سکیورٹی کلیئرنس کو جواز بنا کر پاکستانی زائرین کی ویزا درخواست مسترد کردیتا ہے‘تعداد ،ویزا پالیسی پر بات کر رہے ہیں‘ سردار یوسف

موجودہ حکومت کے دور میں حج انتظامات میں بتدریج بہتری آئی ہے ،حج پیکج میں بھی کمی واقع ہوئی ہے‘ وزیر مذہبی امور کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 اگست 2017 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ بھارت سکیورٹی کلیئرنس کو جواز بنا کر پاکستانی زائرین کی ویزا درخواست مسترد کردیتا ہے، بھارت سے زائرین کی تعداد اور ویزہ پالیسی کے حوالے سے بات کررہے ہیں،موجودہ حکومت کے دور میں حج انتظامات میں بتدریج بہتری آئی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ اب سرکاری حج سکیم کے تحت جانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی کیمپ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر حج سعید احمد ملک نے وزیر مذہبی امور کو عازمین حج کو دی جانے والی سہولیات سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ سردر محمد یوسف نے کہا کہ عازمین حج سے معلومات حاصل کی ہیں اور سب نے انتظامات پراپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت کا پانچواںحج آپریشن ہے اور ہر سال انتظامات میں بتدریج بہتری آرہی ہے یہی وجہ سے عازمین حج سرکاری حج سکیم کے تحت جانے کے خواہشمند ہوتے ہیں ۔ گزشتہ سالوں کی نسبت حج پیکج میں کمی بھی واقع ہوئی ہے ،عازمین کو ٹرانسپورٹ کے ساتھ کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں واقع حاجی کیمپ کے لئے متبادل اراضی کا بھی بندوبست کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے جلد اقدامات ہوں گے۔

سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے ملک میں پاکستانی زائرین کو روکنے کے لئے حیلوں اور بہانوں کا سہارا لیتا ہے اور ہر بار آخری وقت میں زائرین کی سکیورٹی کلیئرنس کا جواز بنا کر ویزا درخواست مسترد کردی جاتی ہے ۔ہم بھارت سے زائرین کی تعداد اور ویزہ پالیسی کے حوالے سے بات کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :