پاراچنار ، فورسز کی جانب سے صفائی مہم اختتام پذیر

اتوار 13 اگست 2017 19:11

پاراچنار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2017ء) پاراچنار شہر میں فورسز کی جانب سے ایک ہفتے تک جاری رہنے والی صفائی مہم اختتام پذیر ہو گئی ہے ۔ صفائی مہم میں پاک فوج کے جوانوں ، سکولوں کے بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا ۔پاراچنار میں ہفتہ صفائی مہم کے اختتام پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک آرمی کے کرنل چودھری نے کہا کہ شہر میں ایک ہفتہ صفائی مہم کا آغاز تھا عوامی سہولیات کیلئے اس قسم اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی نور محمد نے کہا کہ پاراچنار کے قبائل ہر گھڑی فورسز کے ساتھ ہیں صفائی مہم ہو ، قیام امن کیلئے اقدامات ہو یا ملک دشمنوں کے خلاف اقدامات ہو پاراچنار کے قبائل فورسز کے جوانوں کے قدم سے قدم ملا کر ان کا ساتھ دیں گے اور ملک کی سلامتی و بقا کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ پاراچنار شہر میں فورسز کی جانب سے مسلسل ہفتہ صفائی منائی گئی جس میں سکولوں کے طلبہ اور میونسپل کمیٹی کے ملازمین نے بھی حصہ لیا۔