پوری قوم جوش و جذبے سے آزادی کی خوشیاںمنا رہی ہے، آزادی کا سورج جلدمقبوضہ کشمیر میں طلوع ہو گا،چودھری برجیس طاہر

محمدنواز شریف کے وژن کے تحت پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنانے کا سفر جاری رہے گا ،وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان

اتوار 13 اگست 2017 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نی پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے حوالے سے اپنے ایک بیان میںٰ کہا ہے کہ آزدی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کا قدر اُن اقوام سے جانا جاسکتا ہے جو اس نعمت سے محروم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ اللہ رب العزت کا خصوصی کرم ہے کہ آج پوری پاکستانی قوم ایک جوش و جذبے سے آزادی کی خوشیاںمنا رہی ہیں اور علامہ اقبال اورقائداعظم جیسی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے کہ جن کی بدولت پاکستانی قوم کو یہ نعمت نصیب ہوئی ۔

انہوںنے کہا کہ آج آزادی کے اس عظیم دن کو اپنے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے جو اس عظیم نعمت کی خاطر آئے روز اپنی جان کا نظرانہ پیش کر رہے ہیں انہوںنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو خصوصی خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیور کشمیری نوجوان مرد وعورتیں جس بہادری اور عزم سے قابض بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں اُ س کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی قابض فوج اور حکومت کو یہ جان لینا چاہیے کہ جو قوم بھارتی حکومت کے درجنوں کالے قوانین اور آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی بندوقوں کے سائے کے باوجود بغیر کسی ڈر کے پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں اُن سے آزادی زیادہ دیر تک دور نہیں رکھی جاسکتی اور وہ وقت دور نہیں جب آزادی کا سورج مقبوضہ کشمیر میں طلوع ہو گا اور وہ بھی اس نعمت سے فیض یاب ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ محمدنواز شریف کے وژن کے تحت پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنانے کا سفر جاری رہے گا اور پاکستان کو جلد آزادی کے حقیقی معنوں سے روشناس کرایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے پچھلے چارسال کے دوران محمدنوازشریف کی سربراہی میںپاکستان کوحقیقی معنوں میں ایک آزاد اور معاشی و دفاعی لحاظ سے مضبو ط بنانے کے لیے ایک کٹھن سفر طے کیا ہے جسے کسی صورت میں ڈی ریل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ امن وامان کے قیام کے حوالے سے جو کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اُن کو کوئٹہ دہشت گردی جیسے واقعات سے رول بیک نہیں کیا جاسکتاانہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردوں کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے آپریشن ردالفساد تیزی سے جاری ہے جس کی کامیابی سے ملک میں 100 فیصد امن کا قیام ممکن ہو جائے گا۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ عمران خان جیسے عناصر جو عوام کا مینڈیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں اپنے مذمو م مقاصد حاصل کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف رہتے ہیںجس میں وہ برُی طرح ناکام ہوں گے انہوں نے کہا کہ جس پرُجوش اور پرُعزم انداز میں پاکستان کے عوام نے محمدنوازشریف سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اُن کے قافلے اور کارواں کاحصہ بننے کا عزم ظاہر کیا ہے اس سے اس امر کی کھلی عکاسی ہو گئی ہے کہ عوام اپنے مینڈیٹ کی حفاظت کرتے ہوئے محمدنوازشریف کی قیادت میں آزادی کے حقیقی نعمتوں سے روشناس ہونے کے لیے سفر اور جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان نہیں بنا دیاجاتا۔

متعلقہ عنوان :