حکومت آزاد کشمیرنے نواز شریف کی خوشامد میں اپنی تمام تر توجہ جی ٹی روڈ مارچ پر لگا ئے رکھی ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

آزاد کشمیر کے عوام مشکلات کا شکار ہیں، بجلی فری تو درکنار بجلی ملتی ہی نہیں ہے، صحافیوںسے بات چیت

اتوار 13 اگست 2017 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیرنے نہ صرف ریاست بھر میں مسائل پیدا کیے ہیں بلکہ نواز شریف کی خوشامد میں اپنی تمام تر توجہ جی ٹی روڈ مارچ پر لگا ئے رکھی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔

جس سے آزاد کشمیر کے عوام مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں دشواری کا سامنا ہے جبکہ حکومت نواز شریف کی خوشنودی میں اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کے مسائل بھی حل نہیں کر رہی۔ منگلا ڈیم بننے کے وقت آزاد کشمیر کے عوام سے وعدہ کیا گیا تھا کہ بجلی فری دی جائے گی۔ جبکہ بجلی فری تو درکنار بجلی ملتی ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جس سے لوگوں کا جینا دو بھر ہو گیا ہے۔

لہٰذا اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے کارکنان بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کریں اور اس احتجاج میں دیگر مکاتب فکر کو بھی اپنے ساتھ شامل کریں۔ اگر بجلی کی لوڈ شیڈنگ مکمل ختم نہیں ہوتی تو کم ازکم اس کا دورانیہ پاکستان میں لوڈ شیڈنگ جتنا تو لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ منگلا ڈیم بننے کے وقت آزاد کشمیر کے لوگوں سے وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔لیکن یہاں مفت تو درکنار بجلی ملتی ہی نہیں۔ جس سے عوام کی زندگی اجیراً بن چکی ہے۔ ہسپتالوں میں بجلی دستیاب نہیں جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لہذا پی ٹی آئی کشمیر کے کارکن اس سلسلے میں عوام کے ساتھ ملکر احتجاج کریں ۔ اگر بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو پھر پی ٹی آئی کشمیر راست اقدام اٹھائے گی۔