انسانیت کی خدمت ایک بہت بڑی نعمت ہے، سینیٹر میر کبیر محمدشہی

اتوار 13 اگست 2017 19:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ایک بہت بڑی نعمت ہے ہمیں نوجوان نسل کو منشیات اوردیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنے کیلئے انہیں کھیلوں اوردیگرصحت مند پروگراموں کی جانب گامزن کرنا ہوگا ،انسانیت بچاؤ تحریک کی صوبے سے منشیات کے خاتمے اورمنشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے کے حوالے سے خدمات قابل تحسین ہیں ، آج بھی ہم اتحاد ، تنظیم ، یقین محکم کے اصولوں کو اپنا کر اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان اور خود دار پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں اس کیلئے ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔

یہ بات نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر کبیر محمد شہی ، انسانیت بچاؤ تحریک کے سید رمضان آغا،فنانس سیکرٹری اکبر حسین درانی ،سپورٹس سیکرٹری محبوب شاہوانی ،بی این پی کے رہنما بہادر مینگل ، ،آصف ترین ،وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن آغا نواب شاہ نے انسانیت بچاؤ تحریک کے زیراہتمام بلیلی میں 14اگست کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انسانیت بچاؤ تحریک کے چیف ایگزیگٹو سید رمضان آغا نے شرکاء کو بتایا کہ انسانیت بچاؤ تحریک بلوچستان اور خاص کر کوئٹہ شہر سے منشیات کے خاتمے اور منشیات کے عادی علاج معالجے کیلئے گزشتہ کئی عرصے سے کام کر رہی ہے ابتک تحریک کی جانب سے منشیات کے عادی سینکڑوں افراد کا مفت علاج معالجہ کرکے انہیں ملک کا رآمد شہری بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسانیت بچاؤ تحریک کی جانب سے منشیات کے عادی افراد کو مفت علاج معالجے ، کھانے پینے کی مفت سہولیات کے علاوہ انہیں مختلف ہنرز سکھائے جاتے اور وہ علاج معالجے کے بعد اپنے اہل خانہ کا پیٹ پال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور مخیر حضرات کو چاہئے کہ وہ انسانیت بچاو تحریک کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ صوبے سے منشیات کے خاتمہ اور نوجوانوں کو منشیات سے دور ر کھا جاسکے۔تقریب سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر کبیر محمد شہی ، فنانس سیکرٹری اکبر حسین درانی ،سپورٹس سیکرٹری محبوب شاہوانی ،بی این پی کے رہنما بہادر مینگل ،آصف ترین ،وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن آغا نواب شاہ نے خطاب کرتے ہوتے کہا کہ انسانیت کی خدمت ایک بہت بڑی نعمت ہے انسانیت بچاؤ تحریک اوراسکے چیف ایگزیکٹو رمضان آغا کی صوبے منشیات کے خاتمے او ر منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے کے حوالے سے خدمات پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت بچاؤ تحریک کی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اورانکے ساتھ ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات اوردیگر سماجی برائیوں سے کھیلوں کو فروغ اور دیگر انسان دوست پروگراموں کو فروغ دیکر دور رکھا جا سکتا ہے ملک اور خاص کر بلوچستان سے منشیات کے خاتمے کیلئے سیاسی جماعتوں اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے انکے منقطی انجام تک پہنچایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اسکی حفاظت ہماری سب کی ذمہ داری ہے جس کیلئے ہم کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم اتحاد ، تنظیم ، یقین محکم کے اصولوں کو اپنا کر اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان اور خود دار پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں اس کیلئے ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔