عام انتخابات کا ماحول بن رہا ہے، غنویٰ بھٹو

دشمن وہی ہیں جنہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے اقتدار پر ڈاکا ڈالا،گھر والوں کو جلا وطن ہوکر رہنے پر مجبور کیا، پریس کانفرنس

اتوار 13 اگست 2017 20:00

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ عام انتخابات ہونے والے ہیں جس کے لیے ماحول بن رہا ہے، ہمارے دشمن وہی ہیں جنہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے اقتدار پر ڈاکا ڈالا اور اس کے گھر والوں کو جلا وطن ہوکر رہنے پر مجبور کیا۔ المرتضیٰ ہاؤس لاڑکانہ میں لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ اور شکارپور اضلاع سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور کارکنان کے جنرل ورکرز اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے غنویٰ بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار جونیئر کی جانب سے ایک انٹرویو میں اپنے خیالات کا اظہار کیا گیا جو ایک آرٹسٹ ہیں جن کے فن کی نمائش جمعرات پر کراچی میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو میں جانتی ہوں جو شریف اور نوجوان ہیں لیکن افسوس کہ ان کا سیاست میں غلط استعمال کیا جارہا ہے اگر بلاول بھٹو زرداری اپنے خیالات اور اداروں میں آزاد ہیں تو وہ ذوالفقار جونیئر کے مرید بنیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں کرپشن کی بات کررہے ہیں لیکن اصل خرابی نظام میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی بہن فاطمہ جناح کو انتخابات میں ہرایا گیا، اسی طرح مجھے بھی ہرایا گیا اور اگر مستقبل میں ذوالفقار جونیئر اور فاطمہ نے انتخابات میں حصہ لیا تو وہیں قوتیں انہیں بھی ہرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار پر امیروں کا قبضہ ہے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے جب تک امیروں کو باہر دھکیلا نہیں جاتا تب تک نظام درست نہیں ہوگا اور غربت ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں حکمران، بیورو کریسی اور اسٹیبلشمنٹ پریشان ہیں جب تک وہ اقتدار میں رہیں گے تب تک عوام پستے رہیں گے، حکمرانوں کو عوام کے محرومیوں اور غربت پر شرم آنے چاہیے، ہمارا مقابلہ ایسے حکمراوں کے ساتھ ہے جنہوں نے نظام اور معاشرے کو بگاڑ دیا ہے جو اجتماعیت کے بجائے انفرادیت کا شکار ہیں، ان میں وفاداری اور خلوص کے بجائے انا پرستی آگئی ہے تو خود کے بارے میں سوچتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :