میرپورخاص ضلع کے خصوصی افراد کی دو روزہ تربیت کا انعقاد

اتوار 13 اگست 2017 20:10

میرپور خاص ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) محکمہ سماجی بہبود میرپورخاص اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن کے اشتراک سے میرپورخاص ضلع کے خصوصی افراد کی دو روزہ تربیت میرپورخاص جیم خانہ کلب میں انعقاد کیا گیا جس میں معذور افراد کو زندگی گذارنے کے طریقہ کار،بنیادی حقوق کے حاصلات ،اداروں میں معذور کوٹہ کے تحت نوکری حاصل کرنے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے تربیت دی گئی ۔

ضلع بھر کے معذور افراد کی جانب سے تربیتی پروگرام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جہاں دیگر شعبہ جات زندگی کے افراد کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جاتا ہے وہیں معذور افراد کیلئے بھی تربیتی پروگرام ہونے چاہئیں تاکہ انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ اوراحساس کمتری ختم ہو سکے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز میرپورخاص ڈویزن عبدالباقی بھمبرو نے کہا کہ معذور افرادکو اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے دنیا میں ٹیسٹ کیس کے طور پر بنا کر بھیجا ہے کہ ہم ان معذور افراد سے کس طریقے اور رویئے سے پیش آتے ہیں اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم معذور افراد سے پیار و محبت کریں اور ان سے ہمدردی کے ساتھ پیش آئیں ۔

انہوںنے مزید کہا کہ محکمہ کی جانب سے جن معذور افراد کو پڑھنے لکھنے کا شوق ہے انہیں پرائیویٹ اسکولز میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے مفت اسکولی ڈریس اور کورس مفت فراہم کیا جائیگا ، اس کے علاوہ اسکول انتظامیہ کو معذور افراد کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات غلام رضا کھوسو نے محکمہ کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات میرپورخاص نے ہمیشہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے توسط سے معذور افراد کی آواز بن کر حکومت اور انتظامیہ تک پہنچانے میں اپنا فعال کردار ادا کیا ہے اور کرتا رہیگاکیونکہ محکمہ اطلاعات سندھ نے حکومت اور عوام کے درمیاں پُل کا کردار ادا کر رہا ہے ۔

تربیتی پروگرام سے اخوت اسلامک بینک کے برانچ مینیجر بلاول کھوسو نے کہا کہ اگر کوئی معذور اپنا کاروبارکرنا چاہے تو اخوت اسلامک بینک کی جانب سے معذورین کو بلاسود 20 سے 25ہزار تک قرضہ دیا جائیگا۔