آنسو بہانے اور مظلومیت ظاہر کرنے سے اب کچھ ہاتھ نہیں آئیگا،بلاول بھٹو

کچھ لوگ نواز شریف کو وزیر اعلی کہہ کر قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں ،پنجاب کوفتح کرکے دکھائیں گے،پیپلزپارٹی ملک کے حالات بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کسی بھی صورت مسلم لیگ ن کیلئے لچک نہیں رکھنی،صحافیوں کے وفد سے بات چیت

اتوار 13 اگست 2017 21:00

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنا دور اقتدار پورا کر لیا اب وہ دن میں اقتدار کے خواب دیکھ رہے ہیں، آنسو بہانے اور مظلومیت ظاہر کرنے سے اب کچھ ہاتھ نہیں آنے والا ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ آج بھی نواز شریف کو وزیر اعظم کا لقب دے کر عدلیہ آئین و قانون اور جمہوریت کی کھلم کھلی توہین کر رہے ہیں، نواز شریف اب ساری زندگی پاکستان کے وزیر اعظم نہیں بن سکتے سٹرکوں کا سفر اور کنٹینر پر کھڑے ہوکر رونا دھونا مسلم لیگ کا مقدر بن چکا ہے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نواز شریف کو وزیر اعلی کہہ کر قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں ، ملک میں پی پی کی حکومت ہوگی اور ہر غریب کو روٹی کپڑا اور مکان ملے گا پی پی پی شہید بے نظیر بھٹو کی جماعت ہے جس نے چنیوٹ کو دوسرے لاڑکانہ کا درجہ دیا میں وعدہ کرتا ہوں کہ کامیاب ہوکر چنیوٹ کے بنیادی مسائل کو حل کروں گا انہوں نے کہا دو سیاسی مداری جمہوریت کے نام پر ملک میں افراتفری کی سیاست کر رہے ہیں ، ہم اقتدار میں آئیں گے اور پنجاب کو فتح کر کے دکھائیں گے لوگ سمجھتے تھے چنیوٹ میں پی پی ختم ہوچکی ہے لیکن لوگوں کی محبت نے بتا دیا ہے کہ چنیوٹ میں پی پی کے جیالے آج بھی اسی طرح محبت کرتے ہیں جیسے کل کرتے تھے، مسلم لیگ ن اور ان کے حواری نواز شریف کو اقتدار کے سبزم باغ دکھانے میں لگے ہوئے ہیں جب کہ بات بہت دور جا چکی ہے ، پیپلز پارٹی ملکی حالات کو بدلنے کی طاقت جرات اور صلاحیت رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رجوعہ سادات میں ڈسٹرکٹ پریس کلب چنیوٹ کے صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا وفد میں جنرل سیکرٹری پریس کلب شاہد یعقوب چودھری،سابق صدر سرور علی چودھری،لطیف احمد آرائیں ،صدر یونین آف جرنلسٹ چوہدری غلام رسول شاکر ،عمرسجاد سندھو، ظہیر سپراء سمیت دیگر نے شرکت کی اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں الزام تراشی اور گالم گلوچ کی بنیاد پر سیاست کررہی ہیں بلکہ اس نظام کو جمہوریت کہنے والوں کو شرم کرنی چاہیے انہوں نے کہا کہ اب کسی بھی صورت مسلم لیگ ن کیلئے لچک نہیں رکھتے اور نہ ہی اتحاد کا سوال پیدا ہوتا چہ مگوئیاں کرنے والے اپنے دماغ صاف کر لیں اب پیپلز پارٹی اپنے ایجنڈے اور منشور کی بنیاد پر چلے گی اور کسی بھی غیر جمہوری نظام کی بات کرنے والوں سے مل کر سیاست میں زندہ رہنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کے رفقاء کی محبت شفقت اور رہنمائی سے میں پاکستان کی غریب عوام کی خدمت کروں گا اور انشاء اللہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ اب ہر غریب کی زبان پر ہوگا انہوں نے کہا کہ چنیوٹ آج بھی پیپلز پارٹی کا لاڑکانہ ہے اور چنیوٹ کی عوام نے مجھے بے حد عزت اور محبت دی اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتا انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک آج بھی حالت جنگ میں ہے اور کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات سے واضح ہو گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو منوں مٹی تلے دفن کر دیا گیا ہے اور دہشت گرد عناصرآج بھی ہماری سالمیت پر کھلم کھلے حملے کر رہے ہیں مسلم لیگ ن کے وزراء کی فوج نواز شریف کی وفاداری میں دن رات ایک کئے ہوئے جو کہ شرمناک عمل ہے ۔