لو کاسٹ ہائوسنگ اسکیم میں آباد کی ہر ممکن مدد کی جائے گی،تعمیراتی شعبہ ملکی ترقی کی رفتار تیز کرتا ہے، گورنر سندھ

کراچی پاکستان کو معاشی حب ہے لیکن افسوس یہاں کے لوگ بسوں کی چھتوں پر سفر کرتے ہیں،گرین لائن بس سے 5 لاکھ افراد سفر کریں گے کراچی پیکج کے پیسے کسی سیاسی پارٹی کو نہیں دیے جائیں گے بلکہ گورنر ہائوس میں پرائیویٹ سیکٹر کے تحت ان پیسوں سے ترقیاتی کام کرائے جائیں گے ری ایکسپریس کا منصوبہ وفاقی حکومت کے تعاون سے رواں برس اکتوبر میں مکمل کیا جائے گا،کراچی کی ترقی کے لیے آباد کا بھرپور ساتھ دوں گا کراچی میں امن قائم ہوگا تو ملک میں بیرونی سرمایہ آئے گا، آباد 2017 ایکسپو کی نمائش کے موقع پر خطاب

اتوار 13 اگست 2017 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا کہ لو کاسٹ ہائوسنگ اسکیم میں آباد کی ہر ممکن مدد کی جائے گی،تعمیراتی شعبہ ملکی ترقی کی رفتار تیز کرتا ہے، کراچی پاکستان کو معاشی حب ہے لیکن افسوس یہاں کے لوگ بسوں کی چھتوں پر سفر کرتے ہیں،گرین لائن بس سے 5 لاکھ افراد سفر کریں گے،کراچی پیکج کے پیسے کسی سیاسی پارٹی کو نہیں دیے جائیں گے بلکہ گورنر ہائوس میں پرائیویٹ سیکٹر کے تحت ان پیسوں سے ترقیاتی کام کرائے جائیں گے، لیاری ایکسپریس کا منصوبہ وفاقی حکومت کے تعاون سے رواں برس اکتوبر میں مکمل کیا جائے گا،کراچی کی ترقی کے لیے آباد کا بھرپور ساتھ دوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں آباد انٹر نیشنل ایکسپو 2017 کے دوران پاکستان میں" کم لاگت گھروں کے حصول کے مواقع اور چیلنجز" کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے تیسرے سیشن میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین آباد محسن شیخانی،سینئر وائس چیئرمین محمد حسن بخشی ،سدرن ریجن کے چیئرمین محمد ایوب، آباد ممبران اور ایکسپو میں حصہ لینے والے نمائش کنندگان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی میں امن قائم ہوگا تو ملک میں بیرونی سرمایہ آئے گا،کراچی میں 80 کی دہائی تک کراچی شہر میں پرائیویٹ سیکٹر سے لاکھوں افراد کو روزگار ملتا تھا لیکن پھر کراچی کے حالات ایسے خراب ہوئے کہ نہ صرف نئے سرمایہ کاروں نے کراچی کا رخ کرنا چھوڑ دیا بلکہ مقامی سرمایہ کاروں نے کراچی سے اپنا سرمایہ دیگر شہروں اور بیرون ممالک منتقل کردیا۔

مسلم لیگ کی حکومت نے کراچی میں امن وامان کی بحالی کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں آج کراچی شہر میں امن قائم ہے۔لاہور میں کوئی شخص بھی بس کی چھت پر سفر نہیں کرتا، کراچی کے شہری 70 کی دہائی کی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں،کراچی میں ٹرانسپورٹیشن کے مسائل دیکھتے ہوئے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ شروع کیا جس سے روزانہ لاکھوں افراد کو بہترین سفری سہولت میسر ہوگی۔

لو کاسٹ ہائوسنگ اسکیم کا اجرا آباد کا شاندار کارنامہ ہے،آباد عہدیداران کو یقین دلاتا ہوں کہ وفاقی حکومت سے متعلق آباد کے مسائل حل کرائوں گا۔گونر سندھ نے کہا کہ سندھ بالخصوص کراچی کا انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانا صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے، تاہم وفاقی حکومت نے دیکھا کہ اس اہم مسئلے پر کام نہیں ہورہا تو وفاق نے یہاں انفرا اسٹکچر کی بہتری کے لیے پیکجز کا اعلان کیا ۔

اس موقع پر چیئرمین آباد محسن شیخانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 برسوں سے لو کاسٹ ہائوسنگ پر کام کررہے ہیں، حکومت سے تعاون کے لیے بارہا اپیلیں کی تاہم ان پر توجہ نہیں دی گئی،اسلام آباد میں آباد نے اپنے طور پر کم لاگت گھر فراہمی اسکیم کا اجرا کردیا،حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ آباد کے سوشل پروجیکٹس کو یوٹیلیٹیز سہولتوں میں سبسڈی دی جائے۔

چیئرمین آباد نے کہا کہ کراچی میں آباد کے مختلف مسائل کا سامنا ہے جن میں پانی کنکشنز،منصوبوں کی منظوری میں غیر ضروری تاخیر ودیگر شامل ہیں۔انھوں نے گورنر سندھ سے اپیل کی کہ گورنر ہائوس کے لیے آباد کا ایک فوکل پرسن ہونا چاہیے تاکہ آپ کو آباد کے مسائل سے آگہی ہوسکے۔اس موقع پر آباد کے سینئر وائس چیئرمین محمد حسن بخشی اور سدرن ریجن کے چیئرمین محمد ایوب نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :