�ست 1947سے شروع ہونے والا یہ جشن آزادی کے سلسلہ انشاء اللہ تا قیامت تک جاری رہے گا،اسد عمر

تمام پاکستانیوں کوپاکستان کی 70ویں سالگرہ کی ڈھیروں مبارکباد پیش کرتے ہیں، رہنما تحریک انصاف وکن قومی اسمبلی

اتوار 13 اگست 2017 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ 14اگست 1947سے شروع ہونے والا یہ جشن آزادی کے سلسلہ انشاء اللہ تا قیامت تک جاری رہے گا۔ آج 14اگست کے موقع پر تمام پاکستانیوں کوپاکستان کی 70ویں سالگرہ کی ڈھیروں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آزادی پاکستان کے لئے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد اور ہمارے آبائو اجداد کی جدوجہد اور بے شمار کی قربانیاں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیاں پیش کرنے کے بعد وجود میں آیا۔ اب ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم علامہ اقبال ؒ نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا اسے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے دئے ہوئے نظریے کے مطابق پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے جشن آزادی کے سلسلے میں تحریک انصاف کراچی کی جانب سے نمائش چورنگی، سیکٹر Cقیوم آباد، ڈسکو بیکری گلشن اقبال، سو ہنی سینٹر کریم آباد فیڈرل بی ایریامیں منعقدہ تقاریب میں شرکت کے موقع پر کارکنا ن اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے جشن آزادی کی خوشی میں بھرپور آتش بازی ،عوام میں پاکستان کے پرچم اور خواتین میں چوڑیاں تقسیم کی گئی اور جگہ جگہ ملی نغمے بھی بجائے گئے اس موقع پر کارکنان کی جانب سے’’ پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے اور پارٹی رہنمائوں کی جانب سے پاکستان کی70ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

اس موقع پر تحریک انصاف مرکزی رہنماعمران اسماعیل، علی زیدی ، فردوس شمیم نقوی،رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان ، کراچی ریجن کے رہنما سردار عبد العزیز، دوا خان صابر، راجہ اظہر خان، ارسلان گھمن، عزیر احمد صدیقی ، شیراز احمد ناگانی، اسداعوان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اسد عمرنے مزید کہا کہ پاکستانی قوم سے زیادہ محب وطن قوم دنیا میں کہیں نہیں ہے۔

جب کبھی بھی ملک پر مشکل وقت پڑا تب پاکستانی قوم نے ہمیشہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔پاکستان بد قسمتی سے کئی دہائیوں سے کرپشن ، اقرباء پروری اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے ۔ بحیثیت ایک قوم ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس کرپشن ، اقرباء پروری اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہوں تاکہ ہم پاکستان کو وہ پاکستان بنانے میں کامیاب ہو سکیں جس کا خواب علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے جدوجہد کی تھی۔