ترقی و خوشحالی ایمان ،اتحاد اور یقین محکم میں پنہا ںہے،آفاق احمد

پاکستان ہمارے آبائو اجداد نے بنایا ، بچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، یوم آزادی کے موقع پر پیغام

اتوار 13 اگست 2017 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) مہاجر قومی موومنٹ ( پاکستان ) کے چیئرمین آفاق احمد نے قوم کو وطن عزیز سے 70ویں یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن اتحاد اور یقین محکم پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرکے ہی قائد اعظم اور انکے رفقاء کو خراج تحسین پیش کیا جا سکتا ہے جنکی ولولہ انگیز قیادت نے برصغیر کے مسلمانوں کو اسلام کی تجربہ گاہ مہیا کی ۔

اپنے پیغام میں آفاق احمد نے کہا کہ آج ملک جس طرح لڑکھڑا رہا ہے ایسا شائد اسکے بنانے والوں نے سوچا تک نہ ہو ۔ جن لوگوں کے ہاتھ میں ستر سال سے ملک ہے انہوں نے اسے سنوارنے سے زیادہ تباہ کیا اور عوام کو انتشار کے اس مقام پر لاکھڑا کیا کہ جہاں فرقہ واریت اور منافرت تو جابجا نظر آتی ہے لیکن پاکستانیت اور اسلام پسندی ڈھونڈے سے نہیں مل رہی اور وہ مسلمان جو ایک ملت کا ستارہ تھا آج اپنے ہی بھائی کا گلا کاٹنے کے درپے ہے اور یہ سب ان لوگوں نے کیا جنہیں عوام نے منتخب کرکے ایوانوں میں بھیجا ۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا جشن آزادی منانے کیلئے جھنڈے لگانا یا تقریبات منعقد کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں لیکن زندہ قومیں صرف اسی پر اکتفا نہیں کرتیں ،اگر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی نئی منزلوں سے روشناس کرانا ہے تو عوام کو دست و گریبان ہونے کی بجائے زندہ قوموں کا طرز عمل اپنانا ہوگا اور باہمی اختلافات بھلا کراپنی توانائیاں پاکستان کیلئے وقف کرنی ہونگی ۔

آفاق احمد نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ حالات اچھے نہیں لیکن مہاجر قوم مایوس نہیں ہے ، ملک کے طول و ارض میں بسنے والے ہر مہاجر کیلئے اس کی امیدوں کا واحد مرکز پاکستان ہے ، ہم ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اپنے آبائو اجداد کے بنائے ملک کو سنوارنے کیلئے ہم آج بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر قوم اس بات کا عہد کرے کہ اسی اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کیا جائے گا کہ جس کے ذریعے چالیس کروڑ ہندوئوں اور انگریزوں کو شکست دے کر مملکت خداداد پاکستان حاصل کیا گیا تھا ۔