آزاد وطن کے حصول کے لئے ہمارے اکابرین نے بے مثال قربانیاں دیں‘ نائب امیر جمعیت علما اسلام (ف)

اتوار 13 اگست 2017 21:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) جمعیت علما اسلام (ف)کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ آزاد وطن کے لئے ہمارے اکابرین نے بے مثال قربانیاں دیں، تحریک آزادی میں علماء کا کرداراہم تھا، مولانا شبیر احمد عثمانی اور مولانا ظفر عثمانی نے سب سے پہلے قومی پرچم لہرایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لسبیلہ چوک پر پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جمعیت علما اسلام کے رہنما فاروق سید، سید نعیم شاہ ، نصیب حسن زئی ، سخاوت حسن زئی ، مولانا سلمان ، مولانا عمر گلاب ، اکرم مجاہد اور دیگر موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ قیام پاکستان کے لئے ہمارے اکابرین نے بے مثال جدوجہد کی اور یہی وجہ ہے کہ قیام پاکستان کے بعد بانی پاکستان نے مشرقی پاکستان میں مولانا ظفر احمد عثمانی اور مغربی پاکستان میں مولانا شبیر احمد عثمانی سے قومی پرچم لہرایا تھا۔

(جاری ہے)

دارالعلوم دیوبند کے بانی شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی نے آزادی کے لئے تحریک ریشمی رومال شروع کی تھی۔ 1919 ء میں مولانا محمد علی جوہر نے انگریزوں کے خلاف تحریک خلافت شروع کی۔ مولانا شوکت علی اور مولانا ابوالکلام آذاد جیسے عظیم قائدین بھی ان کے ساتھ تھے۔ مارچ 1949ء میں دستور ساز اسمبلی نے قرار داد مقاصدکے عنوان سے قرار داد منظور کی تو اسلام کی بنیادی تعلیمات ، اساسی احکامات اور اہم جزئیات کو آئین کا حصہ بنانے میں مولانا شبیر احمد عثمانی اور ان کے رفقائے کار نے بھرپور کردار ادا کیا اور آج بھی علماء کرام مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ملک کی تعمیر و ترقی اور قوم کی فلاح و بہبود میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدات سمیت ہر قسم کی حفاظت ہمارے ذمہ ہے، استعماری طاقتیں پاک وطن کو کمزور کرنا چاہتی ہیں اسی وجہ سے ملک میں قومیت، عصبیت، صوبائیت، لسانیت اور فرقہ واریت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :