جماعت اسلامی کا ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی مر حلہ وار انٹرا پارٹی یوتھ الیکشن کرانے کا فیصلہ

جمعرات 17 اگست 2017 19:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر فارو ق خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اسلام آباد نے ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی مر حلہ وار انٹرا پارٹی یوتھ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ کے پہلے مرحلہ کے طور پر اسلام آباد کی 8 یونین کونسلوں میں 20 اگست کو انٹرا پا رٹی الیکشن کرائے جا رہے ہیں، ان الیکشنز میں حصہ لینے کیلیے 25 ہزار نوجوانوں کی ممبر شپ کی گئی ہے جو اپنے ووٹ کے ذریعے 8 یونین کونسلوں میں 224 یوتھ لیڈر منتخب کر یں گے، اس طرح 2018ء کے الیکشن تک اسلام آباد کے 50 ہزار نوجوانوں کو ایک منظم انداز میں جماعت اسلامی یوتھ ونگ کا حصہ بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل امیر عثمان، نائب امیر ملک عبد العزیز، جے آئی یوتھ ونگ اسلام آباد کے صدر چوہدری طارق گجر سیکرٹری اطلاعات سجاد احمد عباسی اور محمد سفیان عباسی اور دیگر بھی موجو د تھے۔ زبیر فارو ق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد نے پہلے مراحل میں اسلام آباد کے دونوں انتخابی حلقوں این اے 48 اور این اے 49 کی چار چار یونین کونسلوں میں الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں نوجوانوں کے 28 پینل حصہ لے رہے ہیں، ان الیکشنز کے نتیجہ میں نوجوان متناسب نمائندگی کے تحت خود اپنی قیادت کا انتخاب کر یں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جماعت اسلامی صوبہ خیبرپختونخوا کی تمام یونین کونسلوں میں یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن کرا چکی ہے جس کے نتیجہ میں پورے صوبے سے سات لاکھ لوگ جے آئی یوتھ کے ممبر بنے جبکہ ان میں سے بائیس ہزار نوجوان یوتھ لیڈر منتخب ہو ئے ہیں ،اسی طر ح صو بہ پنجاب کی36اضلاع کی ایک ہزار یو نین کو نسلوں میں بھی مر حلہ وار یوتھ کے الیکشن ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں صوبہ پنجاب سے دس لاکھ نوجوان جماعت اسلامی یو تھ ونگ کا ممبر اور بیس ہزار نوجوان یوتھ لیڈر منتخب ہوں گے۔

زبیر فارو ق خان نے کہا جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی دینی سیاسی اور جمہوری جماعت ہے ہمارے پاس نوجوانوں کی بڑ ی تعداد بھی موجود ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری رخ اور سوچ دی جائے، جماعت اسلامی یوتھ ونگ اس سلسلے میں نوجوانوں کے لیے مؤثر پلیٹ فارم کی صورت میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا جے آئی یوتھ نے ایک ایسے موقع پر نوجوانوں کو پلیٹ فارم پر جمع کیا اور ان کی مثبت سمت رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی جب چاروں طرف سے مایوسیوں کی باتیں کی جا رہی ہیں اور ایک سازش اور منصوبہ بندی کے تحت نوجوان نسل کو مادیت ،بے مقصد یت اور بے راہ روی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :