امریکہ نے حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دیکر اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے ،ڈاکٹر خالد محمود

اقوام متحدہ سختی سے نوٹس لے ، کشمیریوں نے ٹوپی دار بندوقوں ، کلہاڑیوں اور ڈنڈوں سے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو آزاد کرایا بقیہ کشمیر بھی آزاد کروائیںگے جماعت اسلامی کے کارکن ایک ایک دل اور ایک ایک گھر پر دستک دے کر سید مودودی کی کتاب اور دعوت پہنچائیں، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا تقریب سے خطاب

جمعہ 18 اگست 2017 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ امریکہ نے حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دے کر اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے ، اقوام متحدہ اس کا سخت نوٹس لے ، کشمیریوں نے ٹوپی دار بندوقوں ، کلہاڑیوں اور ڈنڈوں سے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو آزاد کرایا ہے بقیہ کشمیر بھی آزاد کروائیںگے۔

سید مودودی علیہ رحمہ نے حقیقی دین کا فہم دیاہے ، عرب ممالک سے سید قطب اور حسن البناء کی تحریک پاکستان سے سید مودودی کی فکر اور ان کی فکر کو نکال دیا جائے تو پیچھے راکھ کا ڈھیر رہ جاتا ہے ۔جماعت اسلامی کے کارکن ایک ایک دل اور ایک ایک گھر پر دستک دے کر سید مودودی کی کتاب اور دعوت پہنچائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

استقبالیہ تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی نور الباری ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل حسین تبسم ، امیر ضلع مولانا خالد عمران خالد سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں جماعت اسلامی کا امیر بنوں گا۔ الله اور اراکین جنرل کونسل نے ذمہ داری دی ہے تو اس کو نبھانے کی کوشش کر رہا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ تین برسوں میں کوشش ہوگی کہ ستر فیصد گھروں تک سید مودودی کی کوئی نہ کوئی کتاب اور دعوت پہنچانے کا اہتمام کریں ۔ جماعت اسلامی کے تمام کارکن اپنے ساتھ سید مودودی کی کتاب رکھیں اور اس کو تقسیم کریں ، قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ، سیرت اور احادیث کی کتب کا مطالعہ کریں ، صحابہ کرام اور صلحاکی زندگیوں کا مطالبہ کریں ، ہم جس دعوت کو لے کر نکلے ہیں وہ انبیاء کی دعوت ہے ۔

اس دعوت کو پھیلنے اور پہنچانے سے پہلے اپنی ذات سے اصلاح کا آغاز کرنا ہوتا ہے ، وہ دعوت ہم پیش نہیں کر سکیں گے جس کی ہمیں سمجھ نہ ہو ، اس لیے صحابہ کرام کی زندگیوں کا مطالعہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قوم دنیا کی چوتھی ذہین ترین قوم ہے ، تمام مادی وسائل موجود ہیں لیکن یہ پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، دیگر ممالک اپنی معدنیات کو ایکسپورٹ کرتے ہیں اور ہم اپنے نوجوانوں کو ایکسپورٹ کرنے پر مجبور ہیں ، ہم نے پڑھے لکھے اور باصلاحیت نوجوان کو صحرائے عرب اور یورپ کی خاک چھاننے پر مجبور کیا ہوا ہے اس نظام کو بدلنا ہے اور بدلنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ہم دعوت عام کریں ، لوگوں تک پہنچیں اور ان کو اپنی جماعت میں شامل کریں ہماری دعوت الله کی طرف بلانے کی دعوت ہے، ہم کسی جماعت اور شخصیت کی طرف نہیں بلا رہے بلکہ الله کی طرف بلا رہے ہیں ۔

جماعت اسلامی کا وجود پہاڑی کے چراغ اور زمین کے نمک کے مترادف ہے جو بظاہر تو معمولی لگتے ہیں لیکن اس کے بغیر روشنی و ذائقہ نہیں رہتا ۔ انہوں نے کہا کہ دجالی تہذیب کا مقابلہ کرنا ہے اسلامی تہذیب عام کرنی ہے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہے اس کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی نور الباری نے کہا کہ جماعت اسلامی 13جولائی 1974ء کو قائم ہوئی اس دن کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ تیرہ جولائی 1931ء کو مقبوضہ کشمیر کے اندر اذان دیتے ہوئے بائیس لوگوں کو شہید کیا گیا تھا ، شہداء کی ان قربانیوں کو کامیابی کی منزل تک پہنچانے کے لیے جماعت اسلامی کا قیام عمل میں لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالباری مرحوم، کرنل رشید عباسی مرحوم ، عبدالرشید ترابی ، سردار اعجاز افضل خان اپنا وقت ، صلاحیتیں اس تحریک کی آبیاری کے لیے لگایا اور اس کا ثمر آج ہم اتنے بڑے کارروان کی صورت میں دیکھ رہے ہیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل حسین تبسم نے کہا کہ جان مال اور وقت کا انفاق کیے بغیر انقلاب اور تبدیلیاں رونما نہیں ہوتین ۔جماعت اسلامی کی تبدیلی اور انقلاب کی جدوجہد نبی ؐکے طریقہ انقلاب اور تبدیلی کے سب زیادہ قریب ہے ۔