آئین کی دفعات 62، 63آئینہ ہیں، آئینہ اگرحکمرانوں کو چور دکھا رہا ہے تو اسے توڑنے کے بجائے حکمران اپنی اصلاح کریں، ہم سپریم کورٹ اور آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کی حفاظت کریں گے، پاکستان پر پچھلے ستر سال سے ڈاکو اور چور مسلط ہیں، ملک کی ترقی کے میں چوروں اور ڈاکوؤں پر مشتمل مافیا رکاؤٹ ہے

صوبائی امیر جماعت اسلامی مشتاق احمد خان کا استقبالیہ تقریب سے خطاب

اتوار 20 اگست 2017 19:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ آئین کی دفعات 62اور 63آئینہ ہیں، آئینہ اگرحکمرانوں کو چور دکھا رہا ہے تو اسے توڑنے کے بجائے حکمران اپنی اصلاح کریں۔62,63اور پانامہ کے معاملے پر سپریم کورٹ کی پشت پر کھڑے ہوں گے، ہم سپریم کورٹ اور آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کی حفاظت کریں گے،62،63پاکستان کے عوام کی آواز ہے، انہیں ختم کرنے کی کوشش کرنے والے ہوش کے ناخن لیں،پاکستان پر پچھلے ستر سال سے ڈاکو اور چور مسلط ہیں، انہوں نے ستر سال میں ملک سے پیسہ لوٹنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا،پاکستان اور ترقی کے درمیان چوروں اور ڈاکوؤں پر مشتمل مافیا رکاؤٹ ہے، اس مافیا سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن نہیں ہوسکتا، چوروں اور کرپشن کے ساتھ پاکستان مزید نہیں چل سکتا، کرپشن کینسر ہے، اس کینسر سے چھٹکارے کے لئے احتساب سب کا اور کرپشن فری پاکستان تحریک چلارہے ہیں، نیلے پیلے جھنڈوں کا دور گزر چکا، اب کلمے والے سبز ہلالی پرچم کا زمانہ آئے گا، پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔

(جاری ہے)

ہم بجلی پیدا کرنے والے ذرائع کو استعمال کرکے صرف بجلی پیدا کریں تو بھی پاکستان ٹیکس فری ملک بن سکتا ہے،ملک کی ترقی کے لئے دیانتدار اور مخلص قیادت چاہئے جو بدقسمتی سے پاکستان کو نہیں ملی۔ جماعت اسلامی کے پاس دیانتدار اور مخلص قیادت موجود ہے۔وہ بروز اتوار ضلع کونسل ہال ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب سے جماعت اسلامی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے امیر زاہد امحب اللہ ایڈووکیٹ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی فتح اللہ خان میاں خیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ استقبالیہ میں منتخب ناظمین، ڈسٹرکٹ اور ویلج کونسلرز سمیت ڈیرہ کے عمائدین بڑی تعداد میں شریک تھے۔ اس موقع پر فتح اللہ خان میاں خیل نے صوبائی امیر مشتاق احمد خان کو روایتی پگڑی پہنائی ۔

مشتاق احمد خان نے مزید کہا کہ عدالت میں 436افراد کی لسٹ پیش کی ہے، ان سب افراد کے خلاف جماعت اسلامی پٹیشن دائر کرکے ان کی کرپشن کو بے نقاب کرے گی۔ جب تک ان افراد کو کڑا محاسبہ نہیں ہوتا کرپشن کا سر کچلنا مشکل ہے۔ نواز شریف خیر منائیں کہ انہیں جیل کی بجائے گھر بھیجا گیا ہے ورنہ ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں کوپاکستان میں چھپنے کیلئے کوئی جگہ نہیں ملے گی ۔

آئین کے آرٹیکل 63/62میں ترمیم کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائیگا ۔چورقانون سے بچنے کیلئے آئین کے آرٹیکل میں ترمیم کرکے چور دروازہ کھولنا چاہتے ہیں ۔ کسی سیاسی جماعت کے پاس آج آئین میں آرٹیکل 63/62پر پورا اترنے کیلئے امیدوار دستیاب نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل کو انتہائی بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے ۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے پانی کے وسیع ذخائر ہونے کے باوجود توانائی بحران حکمران طبقے کی نااہلی اور بددیانتی کی وجہ سے عوام پر لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط کیا گیا ہے ۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس کے پاس اہل اور دیانتدار قیادت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کر ہی دم لے گی۔