نوازشریف خاندان احتساب اور نیب میں تحقیقات کے عمل سے فرار اختیار کرنا چاہتاہے،

ریاستی اداروں سے ٹکرائو اور قومی وقار مجروح کرنے کا غیر قانونی ، غیر جمہوری عمل بڑھایا جارہاہے ، سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد نااہل خاندان کے پاس نیب کے احتسابی عمل میں شامل ہونے کے سوا کوئی آپشن نہیں ۔ جماعت اسلامی احتساب سب کا تحریک کے دوسرے مرحلے کے روڈ میپ کا اعلان کرے گی جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا بیان

پیر 21 اگست 2017 23:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ، سابق ممبر قومی اسمبلی اور کرپشن فری پاکستان تحریک کمیٹی کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ نوازشریف خاندان احتساب اور نیب میں تحقیقات کے عمل سے فرار اختیار کرنا چاہتاہے، ریاستی اداروں سے ٹکرائو اور قومی وقار مجروح کرنے کا غیر قانونی ، غیر جمہوری عمل بڑھایا جارہاہے ، سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد نااہل خاندان کے پاس نیب کے احتسابی عمل میں شامل ہونے کے سوا کوئی آپشن نہیں ۔

جماعت اسلامی احتساب سب کا تحریک کے دوسرے مرحلے کے روڈ میپ کا اعلان کرے گی ۔پیر کو اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومتی نظام کو نوازشریف دور کے لگائے گئے تالے توڑنے کی اچھی کوشش شروع کردی ہے، سیاسی ، جمہوری حسن ہی یہ ہے کہ بر سر اقتدار پارٹی حکومتی نظام کو آئین اور قانون کے مطابق چلائے یہ امر بھی خوش آئند ہے کہ فاٹا اصلاحات پر پیش رفت مانگ لی گئی ہے اب تو مولانا فضل الرحمن نے بھی اعلان کیاہے کہ وہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے کے خلاف نہیں ہیں اس لیے فاٹا کے عوام کو آئینی ، پارلیمانی ، بلدیاتی اور عدالتی انصاف کے حقوق دینے کے لیے بلاتاخیر اقدامات کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی محاذ پر غیر شائستگی اور غیرمناسب مقدمے بازی کا راستہ اختیار کرنہ کریں ۔ پاکستان تمام اطراف سے بحرانوں میں گھرا ہے ۔ جمہوریت آئین ، آزاد عدلیہ کے لیے بڑے چیلنج ہیں ۔ سیاسی محاذ پر سنجیدگی اور باہمی احترام ناگزیر ہے ۔ اپوزیشن قیادت اور جماعتوں کی غلطی سے نااہل سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اداروں کے تصادم کا ہدف حاصل نہ کرنے پائیں ۔ مسلم لیگ ن کے اندر سے میاں نوازشریف کے ایجنڈا کو بریک لگائی گئی ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں بھی حالات کی نزاکت کا احساس کریں ۔