این اے 120کے عوام ترقیاتی کاموں کے فقدان کے باعث حکمرانوں سے نالاں ہیں

عوام کرپٹ اور مفاد پرست ٹولے کومسترد اورمحب و طن اور باصلاحیت قیادت کا ساتھ دیں عوام کے تیور دیکھ کر حکمرانوں کے ہاتھ پائوں پھول چکے ہیں عوام ووٹ کی طاقت سے ان کا سخت محاسبہ کریں گے این اے 120 کے مرکزی انتخابی دفتر میں ورکرز کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، میاں مقصود احمد ، ذکر اللہ مجاہد ، امیر العظیم اور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ ویگر کا خطاب

منگل 22 اگست 2017 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2017ء) این اے 120کے عوام ترقیاتی کاموں کے فقدان کے باعث حکمرانوں سے نالاں ہیں ۔عوام کرپٹ اور مفاد پرست ٹولے کومسترد اورمحب و طن اور باصلاحیت قیادت کا ساتھ دیں۔ عوام کے تیور دیکھ کر حکمرانوں کے ہاتھ پائوں پھول چکے ہیں عوام ووٹ کی طاقت سے ان کا سخت محاسبہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے این اے 120سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ضیاء الدین انصاری کے ہمراہ مرکزی انتخابی دفتر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکرزکنونشن میں امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، جماعت اسلامی کے رہنما حافظ سلمان بٹ ، ناظم انتخاب حلقہ این اے 120چوہدری محمود الاحد ودیگر مرکزی ، صوبائی اور ضلعی رہنمائوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک پر پچھلے 70سالوں سے چند مخصوص خاندان اور لیٹرے مسلط ہیں ۔

ملکی اداروں کی تباہی کا سبب حکمرانوں کی کرپشن اور ذاتی مفادات ہیں۔ ہمارے ملک پر بدقسمتی سے پچھلے 70سالوں سے چند مخصوص خاندان جو اقتدار کو اپنی وراثت سمجھتے ہیں ملک پر مسلط ہیں اور ان کی کرپشن کی وجہ سے ملکی ادارے تباہ حالی کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ این اے 120کو اپنی ذاتی جاگیر سمجھنے والے اور کرپشن میں لتھڑے ہوئے نااہل خاندان کے مقابلے میں جماعت اسلامی نے اس حلقے میں دیانت دار ،صادق و امین اور شرافت کی علمبردار لیڈر شپ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کو بطور امیدوار پیش کیا ہے ۔

میں حلقہ این اے 120کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وراثتی چہروں کی تبدیلی کی بجائے عوام خدمت سے سرشار اور باصلاحیت قیادت کا ساتھ دیں اور انتخابی نشان ترازو کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں ۔ جماعت اسلامی عوام سے وعدہ کرتی ہے کہ ہمارے عوامی نمائندے آپ کی امانتوں کی حفاظت کریں گے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے ۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے امیر میاں مقصود احمدنے کہا کہ عوام کرپٹ مفاد پرست ٹولے کو مسترد کریں اور محب و طن اور باصلاحیت قیادت کا ساتھ دیں ۔

ہمارے نمائندے منتخب ہو کر آپ کی ووٹ کی قدر کر یں گے اور اس کی طاقت سے پوری دنیا میں ملکی وقار کو بلند کریں گے ۔اس موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان کا استحکام اور تعمیر و ترقی دیانتدار قیادت کے چنائو سے ہی ممکن ہے اس لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور نامزد امیدوار ضیاء الدین انصاری کی کامیابی کیلئے کارکنان انتخابی مہم موثر بنا ئیں۔

ڈور ٹو ڈور مہم کے نتیجے میں ہم اپنی صادق و امین قیادت کا پیغام عوا م تک پہنچائیں گے اور ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے اس حلقے کی عوام کو نقطہ آغاز ثابت کریں گے ۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تمام نعمتوں اور وسائل سے مالا مال کیاہے ۔اگر اس ملک کو عوامی شعور کے نتیجے میں دیانت دار اور حقیقی قیادت مل گئی تو یہ قوم دنوں میں دنیا کی صفت ائول کی قوموں میں شامل ہو جائے گی ۔

حلقہ این اے 120کے الیکشن میں قوم نے اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ وہ روائتی چہرے بدلنے والوں کے ساتھ ہے یا صادق و امین قیادت کے ساتھ ہے ۔ نامزد امیدوار حلقہ این 120ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس الیکشن میں ہمارے لیڈر شپ نے کارکن کو اتحادی سیاست سے بالا تر ہو کر ایک کلیئر لائن دے دی ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم اور اپنے ہی نشان پر الیکشن لڑیں گے جس پر ہمارا کارکن پور جوش اور یکسو ہے ۔

ہم نے اس حلقے میں بھر پور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے اورحلقے کو دس سیکٹرز میں تقسیم کر کے کمیٹیاں بنا دی ہیں ہمارے ورکرز موثر انتخابی مہم اور عوامی طاقت سے 17ستمبر کو انشاء اللہ یکسر انتخابی نتائج کو تبدیل کر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی تو آنی ہے ۔ تبدیلی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اقتدار چوروں اور لیٹروں سے چھین کر بے حیائوں کے ہاتھ میں دے دیا جائے ۔الیکشن کا اعلان ہوتے ہی حکمرانوں نے ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا ہے جو کہ دھاندلی ہے اور الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔