پشاور،الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے انتخابات میں شفافیت کیلئے الیکٹرانک اوربائیو میٹرک ووٹنگ مشین استعمال کرنے کا فیصلہ

ا نتخابی نتائج براہ رست دکھانے کیلئے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم سے مدد لی جائیگی انتخابات میں دھاندلی کی روک تھام کیلئے الیکٹرانک اوربائیومیٹرک ووٹنگ مشین کوتجرباتی بنیادوں پرشروع کیا ہے، ولی الرحمن

منگل 29 اگست 2017 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2017ء) الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے آئندہ عام انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کردیں اورانتخابات میں شفافیت لانے کیلئے پہلی بار الیکٹرانک اوربائیو میٹرک ووٹنگ مشین استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن حکام کوا نتخابی نتائج براہ رست دکھانے کیلئے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم سے مدد لی جائیگی۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی نظام کو فعال کرنے کیلئے غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دیدی۔الیکشن کمشنر پشاور ریجن ولی الرحمن نے پشاور پر یس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ عام انتخابا ت قریب آرہے ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے اس کو شفاف او رفعال بنانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی ، انتخابات میں دھاندلی کی روک تھام کیلئے الیکٹرانک اوربائیومیٹرک ووٹنگ مشین کوتجرباتی بنیادوں پرشروع کیا ہے تاکہ الیکشن کا عمل شفاف بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھاکہ کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم فعال بنادیا گیاے جس کے ذریعے انتخابی نتائج پولنگ سٹیشن سے براہ راست الیکشن کمیشن اہلکار دیکھ سکیں گے ، الیکشن کمیشن پہلی مرتبہ پشاور میں کمپیو ٹرائز الیکٹورل رول سسٹم کو فعال بنا کر حتمی انتخابی فہرستوں کاکام نادرا سے منتقل کر کے خود سرانجام دے گا۔ الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات کیلئے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے انتخابی نتائج پولنگ سٹیشن سے براہ راست الیکشن کمیشن کو دیا جائیگا،مجوزہ قوانین کے مطابق ہر پولنگ سٹیشن ایک کلو میٹر کے فاصلے پر ہوگا اور ہر پولنگ سٹیشن پر 1200تک ووٹرز کو ووٹ پول کرنے کی اجازت ہوگی تاکہ لوگوں کوتعدادبڑھنے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

ولی الرحمن نے کہاکہ پشاور میں 15لاکھ سے زیادہ ووٹرز ہیں اوراین ای 4کے ضمنی انتخابات میں نئے نظام کو آزمایا جائیگا،آئندہ انتخابات میں ٹرن آئوٹ کا ہدف 85فیصد رکھا گیا ہے۔ان کے مطابق انتخابات میں عوام کی دلچسپی بڑھانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائیگی جس کیلئے سیاسی جماعتوں ، سماجی بہبود کے محکموں ،غیر سرکاری تنظیموںاور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل ووٹرزایجوکیشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ،اس کے علاوہ الیکشن مانیٹرنگ کیلئے ہر علاقے کے عمائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائیگی جبکہ ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن عملے کو تربیت دی جائیگی ،ڈویژن کی سطح پر سٹرانگ رومز قائم کرینگے اورحساس انتخابی مواد کی نگرانی بھی الیکشن کمیشن خود کریگی تاکہ پورا انتخابی نظام شفاف طریقے سے مکمل ہو سکے۔