پاک چین آزادانہ تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کے آٹھویں رائونڈ کیلئے پاکستانی وفد آئندہ ہفتے چین روانہ ہو گا

ترمیمی ایکسپورٹ پیکیج کی اقتصادی رابطہ کمیٹی سے جلد منظوری لینے کے بعد باضابطہ اعلان کر دیا جائیگا‘ سی پیک منصوبے کیساتھ صنعتوں کا قیام بھی شامل ہے ‘ وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کی بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 9 ستمبر 2017 18:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل پرویز ملک نے کہا ہے کہ انڈسٹری کیلئے ترمیمی ایکسپورٹ پیکج کی اقتصادی رابطہ کمیٹی سے جلد منظوری لینے کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا ،پاک چین آزادانہ تجارت کے معاہدے پر مذاکرات کے آٹھویں رائونڈ کیلئے پاکستانی وفد آئندہ ہفتے چین روانہ ہو گا،سی پیک منصوبے کے ساتھ صنعتوں کا قیام بھی شامل ہے ،بجلیکے نرخ زیادہ ہیں اس میں کمی پر غور کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک چین جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ای کامرس گیٹ وے کے اشتراک سے ایکسپو سنٹر میں منعقدہ تین روزہ میگا ٹریڈ فیئر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کیا ۔ تین روز نمائش میں چین کی 150صف اول کی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

پرویز ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی چین کے ساتھ بے مثال دوستی ہے اور چین نے ہر موقع پر پاکستان کی بے لوث مدد کی ہے۔

چین ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کر رہا ہے ۔اس نمائش میں150 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں اور چینی سرمایہ کار پاکستان میں اپنی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ سی پیک منصوبے کے ساتھ صنعتوں کا قیام بھی شامل ہے یہ ایکسپو اسی کاوش کا حصہ ہے۔ مذکورہ نمائش سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مذاکرات کے آٹھویں رائونڈ کیلئے پاکستان کاوفد آئندہ ہفتے چین جارہا ہے ۔

آسیان ممالک کے ساتھ بھی تجارتی تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ پرویز ملک نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ٹیکسٹائل پیکج کا اعلان اس کا ثبوت ہے ، اس میں کچھ پیچیدگیاں تھیں جنہیں دور کیا جارہا ہے اورجلد حتمی شکل دینے کے بعد ترامیمی ایکسپورٹ پیکج کی اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظوری لی کر اعلان کیا جائے گا جس سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ترمیمی ایکسپورٹ پیکج کو حتمی شکل دینے میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے نرخ زیادہ ہیں اس میں کمی پر غور کر رہے ہیں تاہم گیس ٹیرف میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوا اوراس کے ٹیکسٹائل سیکٹر پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔بعد ازاںوفاقی وزیر تجارت نے نمائش کے منتظمین کے ہمراہ مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :