ضمنی انتخاب میںپی ٹی آئی جیتی تو ملک میں اخلاقیات کاجنازہ نکل جائیگا، عام الیکشن نہیں نتائج ملکی سیاست کار خ متعین کرینگے‘ راجہ فاروق حیدر

لوگ چور دروازے سے وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں،نواز شریف کی وزیر اعظم بننے کی نہیں ملکی تقدیر بدلنے کی خواہش ہے‘ سردارایاز صادق ڈونلڈ ٹرمپ نے یلغار کی تو چین ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا،پر امن افغانستان ہمارے مفاد میں ہے‘ لاہور میں منعقد ہ تقریب سے خطاب

اتوار 10 ستمبر 2017 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2017ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ نوازشریف کا ہم پرقرض ہے جوجیت کی شکل میں چکائیں گے،این اے 120 میں پی ٹی آئی جیتی تو ملک میں اخلاقیات کاجنازہ نکل جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے سمن آباد میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مشتاق منہاس ،سپیکر میٹرو پولٹین کارپوریشن میاںمحمد طارق ،حافظ نعمان سمیت کارکنوں کی کثیر تعدادموجود تھی ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر یاسمین راشدکے عام انتخابات میں ووٹوںکے مقابلے میں دو گنا مارجن سے کامیابی حاصل کرے گی ۔

(جاری ہے)

این ای120کاضمنی انتخاب عام الیکشن نہیں اس کے نتائج ملکی سیاست کار خ متعین کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی نے مسئلہ کشمیر پر جوموقف اپنایااس پر کشمیری شکرگزار ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو بر بریت ہو رہی ہے اس پر آزاد کشمیر سمیت پوری دنیا نے آواز بلند کی ہے۔ بھارت کو کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے کام عوام کو نظر آتے ہیں ۔ ہم نے صرف فیس بک اور ٹوئٹر کی سیاست نہیں کی ۔ لوگ چور دروازے سے وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لیڈر جسے نا اہل کر دیا گیا وہ عوام کے دلوںں میںراج کرتا ہے ۔ نواز شریف سے لوگوں کاپیار کوئی نہیں چھین سکتا ۔ سازش کرنے والے کب تک نواز شریف کو دور رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وزیر اعظم بننے کی نہیں ملکی تقدیر بدلنے کی خواہش ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ملک میں (ن) لیگ کی حکومت آتی ہے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو جاتا ہے۔

چین نے کسی اور پر اعتماد کیوں نہیں کیا ۔ نواز شریف کی حکومت آنے پر 60ارب ڈالر کا منصوبہ شروع کیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مشکلات میں گھرا ہوا ہے ہمیں اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یلغار کی تو چین ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو قومی اسمبلی نے منہ توڑ جواب دیا ۔ انہوں نے کہاکہ پر امن افغانستان ہمارے مفاد میں ہے ۔60فیصد افغانستان پر حکومتی رٹ نہیں ۔ افغانستان کو بہتری کیلئے پاکستان کی طرف دیکھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 19ستمبر کو افغانستان کا 28رکنی وفد پاکستان کے دورے پر آئے گا ۔ دہشتگردی کے خلاف ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ چند سال پہلے جیسے حالات نہیں لیکن ابھی دہشتگردی کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی۔