ْ ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس

سکولوں میں بچوں کو لانے اور لے جانے والی گاڑیوں کی انسپکشن متعلقہ اتھارٹی سے لازم کروائیں،پرنسپلز کوہدایت

پیر 11 ستمبر 2017 21:02

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں پیر کے روز ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چکوال شجاع قطب بھٹی، سیکرٹری ڈی آر ٹی واسسٹنٹ کمشنر چکوال شاہد یعقوب، ڈی ایس پی ٹریفک محمد ندیم اور ایم وی عمیر انور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ڈی آر ٹی کو ہدایت کی کہ تمام سکولوں کے پرنسپل صاحبان کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ اپنے سکولوں کے طلباء کو ان فِٹ گاڑیوں میں بیٹھنے کی اجازت دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرنسپل صاحبان کو نوٹسز جاری کیے جائیں کہ وہ سکولوں میں بچوں کو لانے اور لے جانے والی گاڑیوں کی انسپکشن متعلقہ اتھارٹی سے لازم کروائیں، انہوں نے طلباء کے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ ان فٹ گاڑیوں میں اپنے بچوں کو ہرگز نہ بیٹھائیں اور اگر ایسی کسی ٹرانسپورٹ کا پتہ چلے تو متعلقہ ایم وی کو مندرجہ ذیل نمبر 0314-7805764 پر اطلاع کریں تاکہ عوام کے تعاون سے بھی ان فٹ گاڑیوں کو جو کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتی ہیں کی روک تھام کی جا سکے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سیکرٹری ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنر کو ان فٹ گاڑیوں کے خلاف کی جانے والی اب تک کی کارروائی سے متعلق رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سکول وین کی انسپکشن کے حوالے سے اب تک57گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ4 گاڑیوں کو بند کیا گیا۔ جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب گاڑیوں کے خلاف22ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضع ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بڑے اور چھوٹے سکولوں میں لانے اور لے جانے والی ان فٹ گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھا جائے تاکہ کسی بھی قسم کے ناگہانی حادثے سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :