فاٹا کی عوام امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرتی ہیں، شاہد شنواری

پیر 11 ستمبر 2017 21:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء) فاٹا اولمپک ایسوسی ایشن اور فاٹا فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شاہد خان شنواری نے کہا ہے کہ فاٹا کی عوام امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرتی ہے،فاٹا فٹ بال سپرلیگ 27ستمبر سے شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے میڈیا سنٹر میں اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری اور جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا،انہوں نے کہا کہ لیگ میں بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں خیبر ایگلز، باجوڑ سٹار، فقیر ای پی آئی این ڈبلیو ایف، وزیرستان پنتھرز، خیبر گرین زلمی ، شنواری ایف سی، ملک سعاد فالکن، الحاج گروپ ، ایف اے ڈبلیو یونائیٹڈ، جمروڈ یونائیٹڈ، کرم شاہین اور غازی عجب خان شامل ہیں اور ان ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ سے دو، دو ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی، لیگ کے سیمی فائنل مقابلے 9 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، ہر ٹیم میں فاٹا کے آٹھ کھلاڑی اور سات کھلاڑیوں کو کسی بھی شہر سے شامل کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ ملائیشیاء اور انڈویشیاء کے دو، دو کھلاڑی بھی لیگ میں شرکت کریں گے،انہوں نے کہا کہ لیگ کے لئے 15 لاکھ کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، لیگ میں اول آنے والی ٹیم پانچ لاکھ روپے اور ونر ٹرافی، دوئم آنے والی ٹیم کو تین لاکھ روپے جبکہ اس کے علاوہ ٹاپ سکورر، بہترین کھلاڑی اور بہترین گول کیپرز کو 25 ، 25 ہزار روپے کیش ایوارڈ دیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کوسیکورٹی ، رہائش اور کھانے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور لیگ میں وفاقی وزیربین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل(ر) عارف حسین کو بھی دعوت دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ لیگ کے سلسلہ میں ٹرافی کی رونمائی تقریب بدھ کو اسلام آباد میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :