ٹنڈوالہ یار ،ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیاررشید احمد زرداری کی زیر صدارت عشرہ محرم الحرام پر امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ آپس میں بھائیچارہ، ایثار، رواداری اور تحمل کا مظاہرہ کریں ،رشید احمد زرداری

پیر 11 ستمبر 2017 21:18

ٹنڈوالہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیاررشید احمد زرداری کی زیر صدارت عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع ٹنڈوالہیار میں محرم الحرام کے جلوسوں، امام بارگاہوںو مساجد کے اطراف میں امن و امان، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراھمی کے انتظامات کا جائزہ لینے اور انہیں حتمی شکل دینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کانفرنس ہال ڈپٹی کمشنر آفیس ٹنڈوالہیار میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈوالہیار شاہجھان خان پٹھان، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوالہیار سید امداد حسین شاہ، ڈی ایس آر34 ونگ رینجرز امتیاز خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرI- ٹنڈوالہیارعبدالحفیظ لغاری، تعلقہ جھنڈومری و ٹنڈوالہیار کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ پولیس، محکمہ بلدیات، محکمہ حیسکو، محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ و متعلقہ افسران اور مختلف مکاتب فکر کے علماء و اکرام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی و امن و امان کی مکمل سیکیورٹی، صحت کے سلسلے میں ماتمی جلوسوں کے ساتھ ایمبولینسوں ، ڈاکٹرز و ادویات کی موجودگی کو مکمل طور پر یقینی بنانے کیلئے موئثر اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے پی پی ایچ آئی کے افسران کو ہدایت کی کہ نو اور دس محرم الحرام کے دوران صحت مراکز 24 گھنٹے کھلے رہنے چاہئیں تاکہ ایمرجنسی میں ماتمی دستوں کو فوری صحت کی سہولیات فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے محکمہ حیسکو کے افسران کو کہا کہ محرم الحرام کے دوران رات کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ضلع بھر کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عشرہ محرم الحرام کے دوران آپس میں بھائیچارہ، ایثار، رواداری اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور نکلنے والے جلسے جلوسوں کے دوران شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں جبکہ ہوٹلوں میں باہر سے آنے والے لوگوں اور پارکنگ ایریاز میں کھڑے ہونے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں ۔

اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈوالہیار شاہجہان خان پٹھان نے بتایا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جا رہے ہیں اور کانٹنجسی پلان کے تحت مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں محرام الحرام کے جلسوں و جلوسوں کے دوران کسی بھی مسئلے کے فوری حل کیلئے شکایتی سیل کے ساتھ ساتھ اپنا پورا کانٹیجنسی پلان جمع کرائیں تاکہ عوام کو جلسے جلوسوں کے سلسلے میں آگاہی فراہم کی جائے تاکہ انہیں کسی بھی قسم کے مسائل سے دوچار ہونا نہ پڑے۔