ہماری سرحدوں پر قومی سلامتی کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں،مولابخش چانڈیو

پیر 11 ستمبر 2017 21:20

ہماری سرحدوں پر قومی سلامتی کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں،مولابخش چانڈیو
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2017ء) پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہماری سرحدوں پر قومی سلامتی کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں اور حکمران خاموش ہیں، برما کے مسلمانوں پر کئے جانے والے انسانیت سوز مظالم کا اقوام متحدہ نوٹس لے ۔ وہ پیپلزپارٹی حیدرآبا دکی جانب سے ضلع کونسل سے برما کے مسلمانوں کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہاکہ جو ممالک انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں اور اپنے ملک میں ہونے والی چھوٹی سی کارروائی پر چیخ اُٹھتے ہیں وہ برما میں انسانیت سوز مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ سے دنیا کے مظلوم قوموں کو امید ہوتی ہے کہ وہ ان کے مسائل حل کرے گی لیکن ان کی امیدیں کبھی پوری نہیں ہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارے یہاں ڈرے اور سہمے ہوئے لوگوں کی حکومت ہے وہ اپنے حلقے میں الجھے ہوئے ہیں ، ہماری سرحدوں پر قومی سلامتی کیخلاف سازشیں ہورہی ہیں ، انہوں نے کہاکہ جب بھی کسی مظلوم قوم پر برا وقت آتا ہے تو وہ بینظیر کی طرف دیکھتے ہیں کیونکہ بینظیربھٹو مظلوموں کی آواز اور جدوجہد کی علامت ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت عدلیہ اور اداروں سے لڑرہی ہے ، آج حکمران کہتے ہیں کہ بی بی کو انصاف نہیں ملا ، آج نواز شریف کو ذوالفقا ر علی بھٹو کی یاد ستارہی ہے۔ آپ نے جو فصل بوئی ہے وہ کاٹنی پڑے گی ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی کاپی کرتے کرتے میاں صاحب کو سعودی عرب میں جاکر پتہ چلا کہ وہ بھٹو نہیں بن سکتے بھٹو بننے کیلئے بڑی قربانیاں دینی پڑتی ہے۔