پاک بحریہ کے زیرِ انتظام دو ہفتوں پر مشتمل پہلی میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کا آغاز

میری ٹائم سکیورٹی تمام بحری خطرات بشمول ریاستی وغیر ریاستی عناصر کے خطرات سے محفوظ رکھتی ہے ، بحرِ ہند توانائی کاسب سے بڑاذخیرہ ہے ، بحیثیت قوم خطے کی میر ی ٹائم صورت حال پر نظر رکھنا اور دورس نتائج کی حامل پالیسیوں کو اپنانا ہماری ذمہ داری ہے ،یہ پاک چین اقتصادی راہداری کی کامیابی اور ملکی میری ٹائم سیکٹر کے احیاء کو ممکن بنائیں گی ،کستان نیوی وار کالج کے کمانڈنٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس کا ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب

پیر 11 ستمبر 2017 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 ستمبر2017ء) پاک بحریہ کی زیرِ سرپرستی ’’محفوظ سمندر۔خوشحال پاکستان ‘‘ کے موضوع پرپہلی میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کا آغازپاکستان نیوی وار کالج لاہور میں ہوا۔ دو ہفتوں پر مشتمل اس میری ٹائم ورکشاپ کا مقصد میری ٹائم کے متعلق آگاہی پھیلانا اور ورکشاپ کے شرکاء کوپاکستان کی بے پناہ میری ٹائم وسائل اور ملک کی اقتصادی ترقی میں ان کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔

ورکشاپ کے پہلے ہفتے کے دوران کیمپس سرگرمیاں منعقد ہوں گی جس کے بعد کراچی، کوسٹل اور کریکس ایریا میں پا ک بحریہ کی تنصیبات اور میری ٹائم انفراسٹرکچر کے دوروں کا انعقاد کیا جائے گا۔میری ٹائم سکیورٹی ورکشاپ کے افتتاحی سیشن کے دوران پاکستان نیوی وار کالج کے کمانڈنٹ ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے مہمانوں اور ورکشاپ کے شرکاء کو خوش آمدید کہااور مفادِ عامہ کے لئے سمندروںکے آزادانہ استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

کمانڈنٹ نے کہا کہ میری ٹائم سکیورٹی تمام بحری خطرات بشمول ریاستی وغیر ریاستی عناصر کے خطرات سے محفوظ رکھتی ہے۔کمانڈنٹ پی این وار کالج نے بحرِ ہند کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ بحرِ ہند توانائی کاسب سے بڑاذخیرہ ہے جو ایشیائی اور غیر ایشیائی ممالک کو قدرتی ایندھن فراہم کرتا ہے۔پاکستان جغرافیائی اعتبار سے توانائی کی بین الاقوامی گزرگاہ ’’آبنائے ہرمز‘‘ کے قریب واقع ہے اور 17ملین بیرل تیل جو پٹرولیم کی کل بحری تجارت کا 30فی صد ہے کی نقل و حمل اسی تنگ آبی گزرگاہ سے ہوتی ہے۔

ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے مزیدکہا کہ آبنائے ہر مز اور خلیج عمان کی سنگم پر واقع گوادر بندر گاہ قومی اقتصادی ترقی کی بنیاد اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کی خوشحالی کا وسیلہ تصور کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم خطے کی میر ی ٹائم صورت حال پر نظر رکھیں اور دورس نتائج کی حامل پالیسیوں کو اپنائیں جو پاک چین اقتصادی راہداری کی کامیابی اور ملکی میری ٹائم سیکٹر کے احیاء کو ممکن بنائیں۔

ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے مزید کہا کہ میری ٹائم سیکورٹی ورکشاپ کا انعقاد مضبوط بحری معیشت اور سمندر سے جُڑے قومی سیکورٹی کے خدشات کے بارے میںتمام میری ٹائم شراکت داروں کے درمیان آگہی پھیلانے کے سلسلے میں اُٹھانے جانے والے پا ک بحریہ کے اقدامات میں سے ایک اقدام ہے۔میری ٹائم سیکورٹی ورک شاپ کے افتتاحی سیشن میں، ارکانِ پارلیمنٹ،اعلیٰ عسکری و سول شخصیات اور پی این اسٹاف کورس کے شرکاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :