Live Updates

حبیب بینک برانچ کی امریکہ میں بندش کی اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کی جائیں ، پی ٹی آئی کا پی اے سی چیئرمین کو خط

بدھ 13 ستمبر 2017 16:01

حبیب بینک برانچ کی امریکہ میں بندش کی اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کی جائیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی سید خورشید شاہ کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ میں حبیب بینک برانچ کی بندش اور اربوں روپے جرمانہ کی اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کی جائیں ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے ممبر پی اے سی ڈاکٹر عارف علوی نے یہ خط چیئرمین پی اے سی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیا ہے اور پاکستان کے کمرشل بینک ایچ بی ایل پر امریکی حکومت کے جرمانے اور الزامات کی اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے امریکی حکومت نے حبیب بینک برانچ نیویارک پر امریکی قوانین کی خلاف ورزی اور ناقص بینکاری سسٹم کی وجہ سے 225ملین امریکی ڈالر جرمانہ عائد کرتے ہوئے برانچ کو بند کردیا تھا امریکی حکومت کے فنانشل سروسز محکمہ نے حبیب بینک کے لین دین بدعنوانیوں کے انکشافات کے بعد بینک حکام کیخلاف تحقیقات شروع ہوئی تھیں ابتدا میں امریکی حکومت نے حبیب بینک حکام کو معاملات درست کرنے کی مہلت دی تھی تاہم بینکنگ لین دین میں مزید خرابیاں پیدا کرنے پر امریکی حکومت نے بینک برانچ کو بند کردیا عارف علوی نے اپنے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ بینک برانچ کا بند ہونا غیر معمولی معاملہ ہے پی اے سی حبیب بینک کے صدر کے علاوہ سٹیٹ بینک کے گورنر کو بھی طلب کرکے معاملہ کی تحقیقات کرے اس برانچ کی بندش اور 225ملین امریکی ڈالر کا جرمانہ سے بینک کے شیئرز ہولڈر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے اس قومی جرم میں ملوث بینک حکام کی نشاندہی کرکے ذمہ دار افسران کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات