نااہل وزیراعظم کی بیٹی پاکستان نامنظور کے نعرے لگوا رہی ہے :خرم نواز گنڈاپور

خواتین کے بیانات کا نوٹس نہیں لیتا مگر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی پر چپ نہیں رہ سکتے مریم صفدرنے’’ ایسا پاکستان نامنظور ‘‘کے نعرے لگوائے،قانونی کارروائی کرینگے مریم نے کہا جہاں وزیراعظم ایک اقامہ کی مار ہو کیا ایسا پاکستان منظور ہے ردعمل

بدھ 13 ستمبر 2017 22:38

نااہل وزیراعظم کی بیٹی پاکستان نامنظور کے نعرے لگوا رہی ہے :خرم نواز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ متفقہ نااہل وزیراعظم کی بیٹی پاکستان نامنظور کے نعرے لگوارہی ہے، راجہ ظفر الحق، سرتاج عزیز، ظفر قریشی جیسے ن لیگ کے بڑے خاموش کیوں ہیں خواتین کے بیانات کا جواب نہیں دیتا مگر یہاں پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی ،چپ نہیں رہ سکتے، مریم صفدر نے کہا ’’جہاں وزیراعظم ایک اقامہ کی مار ہو کیا ایسا پاکستان منظور ہے‘‘ جواب میں انتخابی میٹنگ میں شریک دہاڑی داروں نے ’’نا منظور ‘‘کے نعرے لگائے، یہ کھلی غداری ہے ،اس کی شدید الفاظ میں مذمت اور کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے ویمن لیگ کی رہنمائوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہر محب وطن شہری اور قائداعظم سے محبت رکھنے والے دانشوروں ،بزرگوں اور خود کو مسلم لیگی کہنے والوں کو اس زبان درازی کا نوٹس لینا چاہیے،مریم صفدر کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے وکلاء کو کیس تیار کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کو جھوٹ بولنے ،عدالت کو گمراہ کرنے پر نکالا گیا، ان کے اوپر اربوں روپے کے ناجائز اثاثے بنانے کا الزام ہے، ریفرنس احتساب عدالت میں دائر ہو چکے،معزز ججز نے واضح کیا ہے کہ ’’ہم نے آئس برگ کی ٹپس سے نتیجہ اخذ کیا ہے یہ نہ ہو مکمل آئس برگ نکال لیں ‘‘ ابھی بھی جھوٹوں کا یہ خاندان کہتا ہے کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی اور پاکستان کو گالیاں دینا شروع ہو گئے ہیں جو کسی صورت برداشت نہیں ۔

ابھی پاکستان بنانے والے اور ان کی اولادیں زندہ ہیں وہ ایسی زبانوں کو گدی سے کھینچ لیں گے جو پاکستان کے خلاف بولیں گی۔اجلاس میں مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز ،افنان بابر، عائشہ مبشر و دیگر شریک تھیں ۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مریم صفدر نے عدلیہ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ کے استعمال کی انتہا کر دی، ان کے نااہل والد نے جو کچھ اداروں کے ساتھ 35سال کیا مریم وہی سبق دہرارہی ہیں، تاہم پاکستان 20 کروڑ محب وطن عوام کا ملک ہے وہ کسی کرپشن زدہ جھوٹی فیملی کو یہ اجازت نہیں دینگے کہ کوئی قومی خزانے کا لٹیرا ہماری مقدس سرزمین پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ فوج پاکستان کو گالی دینے والے اور اس کے امن کو تہ و بالا کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف جنگ لڑرہی ہے، انہیں واصل جہنم کررہی ہے ،ہم سمجھتے ہیں اس جنگ کا دائرہ معاشی دہشتگردوں تک بڑھنا چاہیے کیونکہ کرپشن اور دہشتگردی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے محب وطن اور پڑھے لکھے کارکن بھی مریم نواز کی گالیوں اور لاقانونیت کانوٹس لیں اور فاشسٹ جماعت سے کنارہ کش ہو جائیں چونکہ شریف خاندان اب ماضی کا حصہ اور قصہ بننے جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :