حکومت ملک میں زرعی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے‘ وزیراعظم پیکج کے تحت کھادوں پر سبسڈی کے علاوہ چاول اور کپاس کے کاشتکاروں کے لئے فی ایکڑ 5ہزار روپے سبسڈی فراہم کی گئی

وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال

جمعرات 14 ستمبر 2017 13:07

حکومت ملک میں زرعی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے‘ وزیراعظم پیکج ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت ملک میں زرعی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے‘ وزیراعظم پیکج کے تحت کھادوں پر سبسڈی کے علاوہ چاول اور کپاس کے کاشتکاروں کے لئے فی ایکڑ 5 ہزار روپے سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ مالی سال 2013-14ء میں زراعت کے لئے کسی ترغیب کا اعلان نہیں کیا گیا۔

2014-15ء میں بھی کھادوں پر 14 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا گیا لیکن کسی نظام کی عدم موجودگی کی وجہ سے سبسڈی پر عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکا۔ مالی سال 2015-16ء میں کسان پیکج میں فاسفورس کھادوں پر 20 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

12.5 ایکڑ زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو کپاس اور چاول کے لئے 5000 روپے فی ایکڑ اور سبسڈی بھی فراہم کی گئی تھی۔

اس پیکج پر پنجاب نے عملدرآمد کیا۔ مالی سال 2016-17ء میں 27.96 ارب روپے کی زرعی اعانت ‘ ڈی اے پی اور یوریا فرٹیلائزرز کے لئے مختص کی گئی۔ زرعی اعانت میں یوریا کے لئے 17.16 ارب روپے اور ڈی اے پی اور دیگر فاسفورس کھادوں کے لئے 10.80 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں تاہم رقم میں تقریباً 39 ارب روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ مالی سال 2017-18ء کے لئے وفاقی حکومت نے 50 کلو گرام کے تھیلے پر 100 روپے کی نقد سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے اور مالی سال 2017-18ء میں یوریا کی قیمت 1400 روپے فی تھیلا تک رکھی جائے گی۔