جنگ بندی لائن پر بھارتی فائرنگ کے متاثرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ،راجہ فاروق حیدر خان

جنگ بندی لائن سے ملحقہ 13حلقہ جات کے نمائندوں سے ملاقات میں تمام حل طلب ایشوز کو یکسو کر رہے ہیں، شادیوں میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد کرایا جائیگا، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 14 ستمبر 2017 16:56

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جنگ بندی لائن پر بھارتی فائرنگ کے متاثرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ۔ جنگ بندی لائن سے ملحقہ 13حلقہ جات کے نمائندوں سے ملاقات میں تمام حل طلب ایشوز کو یکسو کر رہے ہیں۔ شادیوں میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔

قانون پر عملدرآمد سے ہی معاشرے کے وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔ ترقیاتی فنڈز مختص کرنے میں تمام حلقوں سے مساویانہ سلوک کیا جارہا ہے ۔ وہ جمعرات کے روز آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مختلف ارکان اسمبلی کی طرف سے پوائنٹ آف آرڈر اور توجہ طلب نوٹسز میں اٹھائے گئے نکات کا جواب دے رہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جنگ بندی لائن پر شہری آبادی پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ ایک معمول بن چکا ہے جس کے نتیجہ میں انسانی جانیں شہید ہورہی ہیں ، سینکڑوں افراد زخمی اور ہزاروں بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوجی جارحیت کے سامنے آزاد کشمیر کے عوام گھٹنے نہیں ٹیکیں گے اور بہادر مسلح افواج کے ساتھ وطن کے چپے چپے کا دفاع کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے مسائل اور ان کے حل کے لئے حکومتی اقدامات پر میں کل جمعہ اسمبلی میں بات کروں گااس سے قبل متاثرہ علاقوں کے نمائندوں سے آج بدھ کو اجلاس کروں گا۔ شادیوں میں ون ڈش کی پابندی پر عملدرآمد کے حوالے سے ملک محمد نواز کے پوائنٹ آف آرڈر پر وزیر اعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس قانون کی پابندی پر عملدرآمد کروائیں ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور سرکاری قوانین پر عملدرآمد کرنا چاہیے ۔ ہمیں بھی ایسے قوانین نہیں بنانے چاہیے جن پر عملدرآمد ناممکن ہو۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں شادیوں میں کھانا رات تاخیر سے دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قانون کا احترام کرے ۔ شادی ہال میں ون ڈش کی پابندی لازمی ہے ۔

ضرور ی نہیں ہر کام کے لئے ڈنڈا استعمال کیا جائے اس موقع پر وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ ون ڈش کی پابندی شادی ہالز میں تو کرائی جاسکتی ہے گھروں میں نہیں ۔ گھر میں فنکشن کرنا لوگوں کا بنیادی حق ہے ۔ سب چیزوں کو دیکھ کر قانون بنانا پڑتا ہے ۔ پنجاب طرزپر قوانین پر عملدرآمد ممکن نہیں ۔ وزیر قانون راجہ نثار احمد خان نے کہا کہ اسلام ہمیں سادگی کا درس دیتا ہے قانون وہی ہونا چاہیے جو چل سکے ۔

شادی کے موقع پر گھروں پر ہونے والی لائٹنگ بجلی کی چوری سے ہوتی ہے اس موقع پر سپیکر نے کہاکہ کابینہ اس ایشوز پر مناسب فیصلہ کرے ۔ ممبر اسمبلی صغیر چغتائی کی طرف سے پوائنٹ آف آرڈر پر ٹائیں بازار میں تباہ ہونے والی دکانوں کے مالکان کو معاوضہ نہ ملنے کے نکتہ پر وزیر اعظم نے کہا کہ امدادی رقم پہلے متاثرین بھارتی فائرنگ سیز فائر لائن کو دینا ترجیح ہے اس کے بعد متاثرین ٹائیں ڈھلکوٹ کو بھی امدادی رقم دی جائے گی ۔ اب تک 91کروڑ روپے کی امدادی ادائیگی التواء کا شکار ہے جو نہی حکومت کو پیشہ منتقل ہوگا یہ ادائیگیاں ہو جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :