نواز شریف کو کیا سرخاب کے پر لگے ہیں کہ وہ عدالت نہیں جائیں گے، سلیم مانڈوی والا

اگر آصف زرداری ،یوسف رضاگیلانی جاسکتے ہیں تو نواز شریف کیوں نہیں ،روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر تمام مسلم ممالک اکھٹے ہوں اور اقوام متحدہ میں بھی آواز اٹھائیں،پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والاکی پا رلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 14 ستمبر 2017 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کیا سرخاب کے پر لگے ہیں کہ وہ عدالت نہیں جائیں گے،اگر آصف علی زرداری نیب جاسکتے ہیں ،یوسف رضاگیلانی جاسکتے ہیں تو ایسی کون سی بات ہے کہ نوا زشریف نہیں جاسکتے ،اگر نوا زشریف نہیں جاسکتے تو وہ جمہوری لیڈر نہیں وہ اپنی پارٹی کا لیڈر ہے،روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر تمام مسلم ممالک اکھٹے ہوں اور اقوام متحدہ میں بھی آواز اٹھائیں۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہاہے کہ ورلڈالیون کا پاکستان آنا اچھی بات ہے۔پاکستان میں بڑے جوش وخروش سے کرکٹ کو دیکھا جاتاہے۔یہاں اور ٹیموں کو بھی آنا چاہیے انہوں نے کہا کہ جب سابق صدر آصف زرداری نیب میں جاسکتے ہیں ،یوسف رضا گیلانی جاسکتے ہیں تو ایسی کون سی بات ہے کہ نواز شریف نہیں جاسکتے۔

(جاری ہے)

یہ ہمارے ملک کی عدالتیں ہیں ۔اگر نواز شریف نہیں جاسکتا تو وہ جمہوری لیڈر نہیں وہ صرف اپنی پارٹی کا لیڈر ہے۔ انھیں کیا سرخاب کے پرلگے ہیں کہ عدالت نہیں جائیں گے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ جب بھی کبھی کسی مسلم ملک پر کوئی مشکل آتی ہے تو اس کی مدد کے لیے کوئی نظر نہیں آتا۔ روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر تمام مسلم ممالک اکھٹے ہوں اور اقوام متحدہ میں بھی آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ حلقہ این اے 120 کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ (ن) لیگ کا گڑھ ہے اگرایسا ہے توان کو وہاں سے جیتنا چاہیے۔ لیکن مجھے لگتا نہیں کہ اس دفعہ وہ آسانی سے جیت سکتے ہیں۔