عوام نے مہروں کی سیاست دفن کر دی ہے حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والے اب تنہا کھڑے ہیں، اشرف رسول

پانامہ اور اقامہ کی سیاست نہیں چلے گی، 17ستمبر کو لاہور میں صرف شیر ہی بولیں گے ،برساتی سیاسی مینڈک شیر کی دھاڑ سن کر بھاگ جائیں گے نواز شریف اللہ کے فضل سے دوبارہ بحال ہوں گے، رکن پنجاب اسمبلی کا عوامی جلسے سے خطاب

جمعرات 14 ستمبر 2017 20:36

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول نے کہا ہے کہ عوام نے مہروں کی سیاست دفن کر دی ہے اور حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والے اب تنہا کھڑے ہیں، اب عقلمندوں کو سمجھ آ رہی ہے کہ مہروں کا دور گیا لیکن ان کو سمجھ نہیں آ رہی کہ پاکستان بدل رہا ہے، اب پانامہ اور اقامہ کی سیاست نہیں چلے گی،نواز شریف آئے تو سڑکیں بن رہی ہیں، موٹروے بن رہی ہیں، ملک سے اندھیرے چھٹ رہے ہیں، گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہو رہی ہے،نواز شریف جاتے ہوئے ترقی یافتہ پاکستان دیکر جاتا ہے ،قوم جانتی ہے کہ ہر بار نواز شریف کو ٹوٹا پھوٹا پاکستان ملتا ہے، معیشت تباہ ہوتی ہے لیکن نواز شریف دن رات کام کر کے پاکستان کو واپس ترقی کی شاہراہ پر لاتے ہیں تو انہیں نکال دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن 2013ء میں این اے 120 میںگلیاں اندھیرے میں ڈوبی ہوئی تھیں، 80 فیصد سڑکیں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ حلقے کے عوام جانتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ، اندھیروں کو ن لیگ کی حکومت نے بھگادیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروزوالہ میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین تحفظ ماحولیات ڈاکٹر محمد نعیم ملک بھی موجود تھے، پیر اشرف رسول ایم پی اے نے کہا کہ 17ستمبر کو لاہور میں اللہ تعالی کے فضل سے صرف شیر ہی بولیں گے ،برساتی سیاسی مینڈک شیر کی دھاڑ سن کر سب بھاگ جائیں گے ووٹ کی حرمت کو اس دن اجاگر کیا جائے گا،نواز شریف اللہ کے فضل سے دوبارہ بحال ہوں گے جو زیادتی ہوئی اس کا ازالہ عوام ووٹ کے ذریعے کریں گے،17ستمبر کو شیر آئے گا انشا اللہ شیر آئے گا او رپوری دنیا دیکھے گی،سازشی اور مہرے ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائیں گے،پاکستان مسلم لیگ ن کو اقتدار کا لالچ نہیں‘ خوشی ہوگی کہ ملک کی درست سمت متعین ہو جائے، ملک کے اندر آئین و قانون کی پاسداری ہونی چاہئے، اگر میاں نواز شریف کا پیسہ ہی مطمع نظر ہوتا تو ایٹمی دھماکے کرتے وقت 5 ارب ڈالر کی پیشکش ہوئی تھی لیکن ایمان ڈگمگایا نہیں ۔