پاکستانی معیشت میں بہتری،

ایکسپورٹ اورامپورٹ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، موجودہ حکومت میاں محمد نواز شریف کی پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے،یونین کونسل گولڑہ سے قاضی محمد اعظم کی شمولیت سے مسلم لیگ (ن) کی قوت میں اضافہ ہو گا، وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

جمعرات 14 ستمبر 2017 21:01

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2017ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں روز بروز بہتری آرہی ہے ایکسپورٹ اور امپورٹ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے موجودہ حکومت محمد نواز شریف کی پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، 2018ء تک ان کے تمام منصوبے مکمل کئے جائیں گے، یونین کونسل گولڑہ سے قاضی محمد اعظم اوران کے خاندان کی شمولیت سے مسلم لیگ (ن) کی قوت میں اضافہ ہو گا قوم آج بھی نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے قیادت نے ہمیشہ ملکی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی معیشت کی بہتری کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھا رہی ہے اس حوالے سے سیاست کرنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا۔

(جاری ہے)

2013ء میں مسلم لیگ (ن) کو جب اقتدار ملا تھا تو اس وقت ملک بے شمار مسائل میں گرا ہو تھا میاں محمد نواز شریف نے ان مسائل کے حل کا عزم کیا یہی وجہ ہے کہ آج ان ساڑھے چار سال کے دوران کئی بڑے بحران حل کیے گئے، آج ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے، ملکی معیشت اپنی پائوں پر کھڑی ہو چکی ہے، ملک میں دہشت گردی کو ختم کر دیا گیا۔

سی پیک مکمل ہونے سے پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو جائے گا جو تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جس کا تمام ترکریڈٹ میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی معیشت کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، 2018ء میں مسلم لیگ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔