واضح نظر آرہا ہے شیر بازی جیت جائے گا

نواز شریف کے شیرو !آنکھیں کھلی رکھ کر بزدل دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے ‘ مریم نواز نواز شریف کا مخالف بار بار ہارتا ہے اور پھر باہر جا کر سازش کرتا ہے ، اسکی حیثیت پٹے ہوئے مہرے اورچلے ہوئے کارتوس سے زیادہ نہیں عوام نے ہی صرف نواز شریف سے اپنا نصیب نہیں جوڑا بلکہ ملک کی ترقی بھی نواز شریف سے جڑی ہوئی ہے‘ ایوان اقبال میں کنونشن سے خطاب

جمعرات 14 ستمبر 2017 21:54

واضح نظر آرہا ہے شیر بازی جیت جائے گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ واضح نظر آرہا ہے کہ شیر بازی جیت جائے گا لیکن نواز شریف کے شیرو !ایک بات یاد رکھنا اپنے دشمن کو کمزور نہ سمجھنا کیونکہ وہ بزدل بھی ہے اور سازشی بھی ہے ،اس دن آنکھیں کھلی رکھ کر سازشوں کو ناکام بنانا ہے ،نواز شریف کا مخالف بار بار ہارتا ہے اور وہ پھر باہر جا کر سازش کرتا ہے ، اس کا نام بھی مت لو اس کی حیثیت پٹے ہوئے مہرے او رچلے ہوئے کارتوس سے زیادہ نہیں ،عوام نے ہی صرف نواز شریف سے اپنا نصیب نہیں جوڑا بلکہ ملک کی ترقی بھی نواز شریف سے جڑی ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز، وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر مصدق ملک ،شائستہ پرویز ملک سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ آپ کا لیڈر بھی شیر ہے اور آپ بھی شیر ہو لیکن آپ کا دشمن آپ کا مخالف جھوتا ، بزدل اور سازشی ہے ۔

جب وہ مقابلے میں آتا ہے تو نواز شریف سے ہارتا ہے بلکہ بار بار ہارتا ہے اور میدان سے باہر جا کر سازشیں کرتا ہے ۔ اس موقع پر کارکنوںنے رو عمران رو کے نعرے لگانے شروع کر دئیے جس پر مریم نواز نے کہا کہ کہ اس کا نام بھی مت لو اس کی اہمیت مہرے سے زیادہ کچھ نہیں رہی ، وہ چلے ہوئے کارتو س سے زیادہ کچھ نہیں بلکہ اب وہ مہرہ بھی وہ ہے جو پٹ چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صرف عوام نے ہی اپنا نصیب نواز شریف سے نہیں جوڑا بلکہ ملک کی ترقی بھی نواز شریف سے جڑی ہوئی ہے ۔ انہوںنے شرکاء سے سوال کیا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے کہ جب نواز شریف نہیں ہوتا تو دہشتگردی بھی آتی ہے ، لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے بھی ہوتے ہیں ،معیشت بھی ڈوبتی ہے ، دھماکے بھی ہوتے ہیں لیکن ایسا کیوں ہوتا ہے جب نواز شریف آتا ہے توبجلی بھی آتی ہے ، دہشتگردی کے اندھیرے بھی دور ہوتے ہیں ، معیشت بھی ترقی کرتی ہے ، بجلی کے کارخانے بھی لگتے ہیں ، کاروبار بھی چلتا ہے، سی پیک بھی ہوتا ہے بلکہ ملک میں ہر بڑے منصوبے پر نواز شریف کی مہر ہے ۔

میرے بھائیوں نظر آرہا ہے کہ شیر بازی لے جائے گا لیکن نواز شریف کے شیرو ایک بات یاد رکھنا اپنے دشمن کو کمزور نہ سمجھنا ، وہ بزدل اور سازشی بھی ہے اپنی آنکھیں کھلی رکھنا ، سازشوں کو ناکام بنانا ہے ۔ نواز شریف کے سپاہی بن کر گلی گلی محلے محلے میں ڈیوٹی سر انجام دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے ہر پولنگ اسٹیشن پر ڈیوٹی دینی ہے ،17ستمبر کو ہر یونین کونسل کے نتیجے کو مانیٹر کروں گی ۔

انہوں نے کہا کہ17ستمبر کوثابت کرنا ہے کہ آپ کا لیڈر صادق بھی ہے او رامین بھی ہے ، وعدہ کرو 17ستمبرکو نوازشریف کو چوتھی بار کامیاب کرائو گے ۔کوئی بھی طاقت نواز شریف کو عوام کے دلوں سے باہر نہیں نکال سکتی۔ انہوںنے کہا کہ این اے 120میں کارکنوں کاجو جذبہ دیکھا اس نے سب واضح کر دیا ہے ،کارکن وعدہ کریں کہ ہر گلی اور محلے سے ووٹروں کونکالیں گے ۔

جب 17ستمبر کو ڈبے کھلیں گے تو ان میں سے شیر ہی نکلے گا ۔انہوںنے کہا کہ اگر نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ منظورنہیں تو کیا جس جدوجہد کے لئے نواز شریف نکلا ہے اس کا ساتھ دو گے ۔ انہوںنے کہا کہ مخالفین کو نظر آرہا تھاکہ 2018ء کا انتخاب بھی نواز شریف جیت جائے گا اور اگر کسی کو شک تھا تو اب وہ بھی دورہو گیا ہے اور اب انشا اللہ 2018ء کا الیکشن نواز شریف ہی جیتے گا ۔انہوںنے کہا کہ اگر پاکستان کی ترقی چاہتے ہو ، پر امن پاکستان چاہتے ہو ، ترقی کرتا پاکستان چاہتے ہو ، منتخب نمائندے کو عزت چاہتے ہوئے ، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ چاہتے ہو ،ووٹ کی عزت چاہتے ہو تو نواز شریف کا ساتھ دو اور بیگم کلثوم نواز کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائو ۔

متعلقہ عنوان :