این اے 120 میں 17 ستمبر کو ہر طرف شیر ہی نظر آئیگا‘ حلقہ کی خواتین دنیا کو بتادیں گی جس لیڈر کے ساتھ مائیں‘ بہنیں‘ بیٹیاں کھڑی ہو جائیں اس کو کوئی نہیں ہرا سکتا

مریم نواز شریف کاکریم پارک میں مسلم لیگ (ن) کے خواتین کنونشن سے خطاب

جمعہ 15 ستمبر 2017 19:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ این اے 120 میں 17 ستمبر کو ہر طرف شیر ہی شیر نظر آئیگا‘ ضمنی الیکشن میں عوام شیر کو کامیاب کرکے ملکی ترقی کو ووٹ دیں گے‘ حلقہ کی خواتین 17 ستمبر کو دنیا کو بتادیں گی کہ جس لیڈر کے ساتھ مائیں‘ بہنیں‘ بیٹیاں کھڑی ہو جائیں اس کو کوئی نہیں ہرا سکتا‘ وہ جمعہ کے روز کریم پارک میں مسلم لیگ (ن) کے خواتین کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں‘ مریم نواز شریف نے کہا کہ این اے 120 میں لوگوں کی محبت کا اظہار میرے لئے ایک سرمایہ ہے‘ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے ساتھ بھائیوں‘ بزرگوں کی محبت ہے جبکہ مائیں‘ بہنیں ان کیلئے ہاتھ اٹھا کر دعاگو ہیں‘ خواتین‘ مائوں‘ بہنوں‘ بیٹوں‘ بھائیوں‘ بزرگوں کی والہانہ شفقت کی شکر گزار ہوں‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال سے نواز شریف کیخلاف سازشیں ہو رہی ہیں‘ کبھی دھرنا ون اور کبھی دھرنا ٹو پھر پانامہ آیا اور نااہل اقامہ پر کردیا گیا‘ انہوں نے کہاکہ اگر عوام کو احتساب کے نام پر انتقام منظورنہیں‘ ملکی ترقی میں رکاوٹ منظور نہیں تو 17 ستمبر کو عوام شیر کیلئے نکلیں‘ اپنے گھر والوں کو نکالیں‘ محلے داروں کو نکالیں‘ مسلم لیگ (ن) کی فتح کے بعد 18 ستمبر کو این اے 120 میں گلی‘ محلوں کے مسائل لوگوں کے ساتھ مل کر حل کروں گی‘ ہمارا وعدہ ہے کہ اس حلقے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تقدیر بدلیں گے‘ مریم نواز نے کہا کہ 2013ء میں ملک میں 20‘ 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی‘ ملک میں دہشت گردی عروج پر تھی‘ آج ملک میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں‘ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا ہے‘ دہشت گردی بھی اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے‘ انہوں نے کہا کہ میں اپنے والد نواز شریف کو روز بتاتی ہوں کہ لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ جس طرح لوگوں نے میری والدہ کی صحت یابی کیلئے دعائیں کیں اس کا بدلہ نہیں چکا سکتی‘ انہوں نے ورکرز کو ہدایت کی وہ اتوار کو این اے 120 میں ناشتوں کی بجائے ووٹ کیلئے باہر نکلیں‘ اس موقع پر مریم نواز نے خواتین کے ساتھ ملکر نعرہ لگایا‘ ’’ایک واری فیر شیر‘ دوسری واری فیر شیر‘ تیسری واری فیر شیر‘ 17 ستمبر کو چوتھی واری فیر شیر۔

‘‘