این ای120 میں چارسو بیسی نہیں چلنے دیں گے ،نواز شریف کا دمڑی اور چمڑی بچانے کا منصوبہ ناکام ہو گیا ہے، سپریم کورٹ سے دوسری بار نااہل ہونے پر نواز شریف کو '' مجھے کیوں نکالا '' کا جواب مل گیا ہو گا

چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 ستمبر 2017 19:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 ستمبر2017ء) چیئرمین سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ این ای120 میں 420 نہیں چلنے دیں گے آج لاہور کے الیکشن میں فوج اور عدلیہ کے مخالفین کو شکست ہو گی نواز شریف وطن واپسی سے پہلے ڈیل چاہتے ہیں لیکن اب ڈیل اور ڈھیل کا وقت گزر گیا ہے شریف خاندان کو نیب عدالتوں میں پیش ہونا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو پاکپتن شریف کے سجادہ نشین پیر دیوان عظمت علی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔ا نہوں نے کہاکہ نواز شریف کا دمڑی اور چمڑی بچانے کا منصوبہ ناکام ہو گیا ہے سپریم کورٹ سے دوسری بار نااہل ہونے پر نواز شریف کو '' مجھے کیوں نکالا '' کا جواب مل گیا ہو گا انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس جیلوں سے بچنے کا کوئی قانونی راستہ نہیں بچا ذلتوں کے مارے لوگ آج اپنے ووٹ کے ذریعے حکمران خاندان سے اپنی محرومیوں کا بدلہ لیں گے الیکشن کمیشن نے این اے 120 میں سرکاری وسائل کے استعمال کا نوٹس نہ لے کر مایوس کیا ہے۔