تمام مذاہب ومسالک کے علماء محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں ،کمشنر راولپنڈی

ہفتہ 16 ستمبر 2017 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 ستمبر2017ء) کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوند ل نے سی پی او اسرار احمد عباسی کے ہمراہ محرم الحرام کے سلسلے میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب اور مسالک کے علماء محرم الحرام کے دوران امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اختلافی امور کو پس پشت ڈال کر اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنان پاکستان کے عزائم کو خاک میں ملا دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی جی میاں بہزاد عادل، زونل خطیب حافظ اقبال رضوی ،پیر اظہار بخاری،پاسٹر ڈاکٹر پرویز سہیل،پنڈت چنا لال،سید راحت کاظمی، زونل خطیب اوقاف قاضی ظہور الہٰی قادری،پاسٹر پرویز فلپ ،سہیل اشتیاق کے علاوہ دیگر مزاہب کے علماء اور افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی پی او اسرار احمد عباسی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں ۔اور لوگوں کو مکمل چیکنگ کے بعد جلوس میں شامل ہونے دیا جائے گا۔اسرار احمد عباسی نے کہا کہ ٹریفک پلان جلد مرتب کیا جائے گا اور اس کے بارے میں عوام الناس کو آگاہ کیا جائے تاکہ لوگ آنے جانے کے لیے روٹس کا تعین کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے ۔ اس موقع پر مسیحی اور ہندو علماء نے بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا پاسٹر ڈاکٹر پرویزسہیل نے کہا کہ مسیحی برادری اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ مل کرپاکستان کی سربلندی ، حفاظت اور ترقی کیلئے کام کرتی رہے گی انہوں نے محرم الحرام کے دوران اپنے چرچز کی تمام تقریبات کو ملتوی کرنے کا اعلان بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :