اٹک پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی

اتوار 17 ستمبر 2017 15:20

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2017ء) اٹک پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔یکم محرم سے دس محرم کے دوران مجالس اور جلوس ہائے عزاء کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے 87 امام بارگاہوںمیں 754مجالس کا انعقاد ہو گا جن میں صدر سرکل میں 66،حسن ابدال میں 70، فتح جنگ میں 173، پنڈی گھیب میں 325جبکہ تحصیل جنڈ میں 120مجالس منعقد کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ضلع بھر میں علم اور ذوالجناح کے مجموعی طور پر 145جلوس بر آمد ہوں گے جن میں 29 لائسنس یافتہ اور 116روایتی جلوس شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے نئے جلوسوںاور مجالس کے انعقاد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ جلوسوں کے اوقات کار اور روٹ کے سلسلے میں بھی کسی قسم کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں ہو گی۔ سیکورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اہم مقامات پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے اس کے علاوہ بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلئے موجود رہے گا۔