محرم الحرام کے دوران غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ،آئی جی سندھ

ْبغیر پرمٹ یا این او سی کسی بھی صورت میں جلوس نکالنے کی اجازت نہ دی جائے ، اجلاس سے خطاب

اتوار 17 ستمبر 2017 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2017ء) سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی ذیرصدارت اجلاس میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی اقدامات کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اجلاس میں شریک سینئر پولیس افسران کو مذید ضروری احکامات دیئے گئے ۔۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ،زونل ڈی آئی جیز کراچی،اے آئی جی آپریشنز سندھ،اے آئی جی ایڈمن سی پی او کے علاوہ ڈائریکٹر آئی ٹی نے بھی شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے عائدپابندیوں پر عمل درآمد کو ہرسطح پر یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے کسی بھی رو رعایت یا اجتناب سے گریز کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایات دیں کہ بغیر پرمٹ یا این او سی کسی بھی صورت میں جلوس نکالنے کی اجازت نہ دی جائے اور یکم محرم الحرام سے ہی ناصرف اس حکم پر عمل درآمد کرایا جائے بلکہ اس ضمن میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی باقاعدہ آگاہ کردیا جائے ۔

۔علاوہ اذیں باقاعدہ اجازت کے تحت نکالے جانیوالے چھوٹے بڑے تمام جلوسوں میں صرف خصوصی اسٹکرز کی حامل گاڑیوں کو ہی شرکت کی اجازت دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں محرم کے دوران کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے سی سی ٹی وی کیمراز سے مانیٹرنگ کے عمل کو ہر لحاظ سے فول پروف بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام تر ذمہ داری ڈائریکٹر آئی ٹی پر ہوگی کہ وہ متعلقہ اسٹاف کو عملی اقدامات کے لیئے ہمہ وقت چوکنا اور مستعد رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل پولیس آفس میں محرم الحرام کنٹرول/مانیٹرنگ روم کا قیام عمل میں لایا جائے جو دوران محرم سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی اے آئی جی آپریشنز سندھ، اے آئی جی ایڈمن سی پی او اورڈائریکٹر آئی ٹی سپرویژن میں کریگا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ محرم کے دوران منعقدہ تمام چھوٹی بڑی مجالس کے مقامات سے متعلقہ تھانہ پولیس آگاہ ہو اور اس ضمن میں تھانہ جات کی سطح پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی پابند بنایا جائے تاکہ سیکیورٹی کے حوالے سے تمام تر اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنایا جاسکے ۔

انہوں نے ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کیں کہ محرم کے دوران منعقدہ تمام مجالس کے مقامات،برآمد ہونیوالے چھوٹے بڑے تمام جلوسوں سمیت مرکزی گذرگاہوں،اجتماع گاہوں بشمول نشترپارک ،حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ اور دیگر تمام امام بارگاہوں مساجد پر سیکیورٹی ڈپلائمنٹ کو ناصرف بذات خود چیک کیا جائے بلکہ سیکیورٹی فرائض سے متعلق بریفنگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے زونل ڈی آئی جیز جراچی کو ہدایات دیں کہ اپنے ڈسپوزل پر آرآرایف کی ایک ایک کمپنی ریزرو رکھنے کے لیئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے اسپیشل برانچ پولیس کو ہدایات دیں کہ تمام ہوٹلوں گیسٹ ہاؤسز وغیرہ کا سروے کرایا جائے اور ان میں آمد وروانگی کا روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ ترتیب دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :