ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر20سالہ نوجوان جاں بحق ، والدین سمیت بڑا بھائی شدید زخمی

اتوار 17 ستمبر 2017 18:40

بوریوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2017ء) بوریوالہ کے نواحی قصبہ اڈہ کچی پکی پر مسلح ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر20سالہ نوجوان جاں بحق ، والدین سمیت بڑا بھائی شدید زخمی ہو گیا، تفصیل کے مطابق موضع سلدیرا کے گائو ں چک 52/KBاڈہ کچی پکی کے دوکاندار محمد اشرف غفاری گذشتہ شب اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر کے صحن میں سو رہے تھے کہ اچانک اڑھائی بجے شب تین نا معلوم مسلح ڈاکو دیوار پھاند کر گھر میں داخل ہو گئے، ابھی دو ڈاکو صحن میں اترے تھے اور ایک چھت پر بیٹھا تھا کہ آہٹ پر تمام اہل خانہ جاگ گئے،محمد اشرف اور اس کے دو نوں بیٹے 20سالہ عاطف اشرف 28سالہ آصف جاوید ڈاکوئوں سے گتھم گھتا ہو گئے اور انہیں قابو کر لیا ،اسی اثناء میں چھت پر موجود تیسرے ڈاکو نے پسٹل سے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آکر محمد اشرف غفاری اور ان کا بڑا بیٹا آصف جاوید شدید زخمی ہو گئے اور چھوٹا بیٹاعاطف جو کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈسپنسر کلاس کا طالب علم ہے ،موقع پر جاں بحق ہو گیا ،ڈاکوئوں نے لاٹھیاں مار مار کر محمد اشرف غفاری کی بیوی ظفراں بی بی کو بھی شدید زخمی کر دیا ،چیخ و پکار پرملزمان ایک پسٹل اور جوتے چھوڑ کر فرار ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ فتح شاہ خالد خان ایس ایچ او ساہوکا محمد مظہر ،ایس ایچ او لڈن عبدالباری گوجر کے علاوہ ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم ٹکا ء محمد سجاد خان بھی ایلیٹ کی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور نعش کے علاوہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا پہنچادیا، تشویشناک حالت میں آصف جاوید کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :