میکسیکو میں‘7اعشاریہ1کی شدت کا دوسرا خوفناک زلزلہ‘300کے قریب ہلاک‘سینکڑوں زخمی ‘ملک میں بڑے پیمانے پر مواصلاتی نظام تباہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 ستمبر 2017 10:44

میکسیکو میں‘7اعشاریہ1کی شدت کا دوسرا خوفناک زلزلہ‘300کے قریب ہلاک‘سینکڑوں ..
میکسیکو سٹی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 ستمبر۔2017ء) میکسیکو میں شدید زلزلے کے باعث دارالحکومت میکسیکو سٹی اور تین دیگر ریاستوں میں کئی عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں جبکہ اب تک 300کے قریب افراد کے ہلاک اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے ۔حکام کے مطابق 500کے قریب افراد مختلف مقامات میں عمارتوں کے ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں ۔

ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔کئی سکولوں میں بچوں کے ملبے تلے پھنسے ہونے کا بھی خدشہ کیا جا رہا ہے۔اس شدید زلزلے کے بعد ٹیکسیکو سٹی کا ہوائی اڈا بند کر دیا گیا ہے۔ شہر میں عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔تاہم یہ زلزلہ ایک ایسے وقت پر آیا ہے جب ملک میں 32 سال قبل آئے ایک شدید زلزلے کی یاد میں ڈرلز کی جا رہی تھیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق منگل کو آنے والے زلزلے کی وجہ سے کئی شہروں میں الارم بجے تاہم بہت سے شہریوں نے یہ خیال کیا کہ یہ اس تاریخی زلزلے کی یاد میں بجائے جا رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ مورلس ریاست ، میکسیکو سٹی ، پوبلا ریاست اور میکسیکو سٹیٹ زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔میکسیکو کے صدر نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ سڑکوں پر نہ نکلیں تاکہ امدادی کارروائیوں میں خلل پیدا نہ ہو۔

میکسیکو میں حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں پر سگریٹ نوشی نہ کریں کیونکہ زلزلے کے باعث گیس لائنیں تباہ ہوئی ہیں اور ممکن ہے کہ گیس لیک ہو رہی ہو۔زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فون کام نہیں کر رہے اور 38 لاکھ افراد بغیر بجلی کے ہیں۔میکسیکو سٹی کے میئر نے مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 44 جگہوں پر عمارتیں منہدم ہوئی ہیں اور امدادی کام جاری ہے۔یاد رہے کہ دو ہفتے قبل میکسیکو میں8 اعشاریہ1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز میکسیکو سٹی کے قریب پوبلا تھا اور اس کی گہرائی صرف 51 کلومیٹر تھی۔اطلاعات کے مطابق میکسیکو سٹی کے کئی علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔

متعلقہ عنوان :