کوہاٹ ، سنگ دل محبوب نے محبوبہ کوبھگا لے جانے کی کوشش میں مزاحمت پراسکی والدہ کوقتل کردیا، دوشیزہ اور ملزم زخمی ہوگئے

بدھ 20 ستمبر 2017 22:49

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 ستمبر2017ء) کوہاٹ کے نواحی علاقہ تورہ ستنہ میں محبوبہ کوبھگا لے جانے کی کوشش میں مزاحمت پراسکی والدہ کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔فائرنگ کے نتیجے میں دوشیزہ اور ملزم بھی زخمی ہوگئے۔پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ گمبٹ کی حدود میں واقع شادی پور کے موضع تورہ ستنہ کی رہائشی سترہ سالہ دوشیزہ شبینہ بی بی نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ گزشتہ شب کے آخری پہر دیگر اہلخانہ کے ہمراہ گھر میں خوابیدہ تھی کہ اس اثناء میںمبینہ ملزم سردار علی ولد دلاسہ خان نے انکے گھر میں گھستے ہوئے انہیں اٹھا کر ساتھ جانے کاکہا جبکہ انکار پر ملزم نے انہیں زبردستی گھر سے بھگانے کی کوشش کی جس پر مزاحمت کے دوران ملزم نے فائرنگ کرکے انکی والدہ مسماة ولی مرجانہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ملزم نے دوشیزہ اور خود پر بھی فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئے۔مقتولہ کی لاش اورزخمیوں کو سول ہسپتال گمبٹ لایا گیا جہاں پولیس نے فائرنگ کے اس واقعہ کے مرتکب ملزم سردار علی کو گرفتار کرکے اسکی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونیوالا آلہ قتل پستول بمعہ کارتوس برآمد کرلیا ۔ پولیس تھانہ گمبٹ نے مجروحہ مسماة شبینہ بی بی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ نامزد ملزم کے خلاف درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے

متعلقہ عنوان :