نواز شریف کا پارٹی صدر بننا سپریم کورٹ کا منہ چڑانے کے مترادف ہے،فرد واحد کے لئے آئین کو موم کی ناک بنا کر رکھ دیا گیا،اداروں سے ٹکرائو کے خوفناک نتائج برآمدہوں گے

آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمدامجد کانوازشریف کے (ن) لیگ کا صدر بننے پر رد عمل

منگل 3 اکتوبر 2017 22:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 اکتوبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمدامجد نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کو ٹھوس وجوہات کی بنا پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے نااہل قراردیا تھا ۔ان کا پارٹی صدر بننا سپریم کورٹ کا منہ چڑانے کے مترادف ہے۔فرد واحد کے لئے آئین میں تبدیلی لانا جمہوریت اور عوام سے بھونڈا مذاق ہے۔

منگل کو پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کئے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں میاں نوز شریف کو کسی بھی عوامی عہدے کے لئے نااہل قراردیاتھا مگر ضد اور ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے ان کے لئے ترمیمی بل پاس کروا کر انہیں ن لیگ کا صدر بنادیاگیا۔یہ اقدام اعلیٰ عدلیہ کا منہ چڑانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف اور ان کے حواری کرپشن میں پکڑے جانے پر اداروں سے ٹکرائوچاہتے ہیں،اس بات کے خوفناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نوز شریف کی خود غرضی اور اقتدار کی ہوس کی انتہا ہے کہ وہ اپنی ذات یا بچوں کے علاوہ کسی اور کو وزیراعظم یا پارٹی سربراہ بننا برداشت نہیں کرسکتے چاہے ان کا بھائی ہی کیوں نہ ہو۔نواز شریف کے عزائم ان کے کردار سے کھل کر سامنے آچکے ہیں۔لالچ کی اس قدر اتھاہ گہرائیوں میں ڈوبا وزیراعظم قوم کے لئے کبھی فائدہ مند ثابت نہیں ہوسکتا۔نواز شریف اپنے ذاتی مفادات کے لئے ن لیگ کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچارہے ہیں۔ن لیگی کارکنان کو چاہئیے کہ ان کے اس رویے کا نوٹس لیں۔