جسٹس افتخار چوہدری کی جماعت نے نواز شریف کی جانب سے عدلیہ مخالف تقاریر پر سپریم کورٹ میں ’توہین عدالت‘ کی درخواست دائر کردی

نواز شریف عدالتی فیصلے پر توہین آمیز تنقید کے باعث عدالتی فیصلے اور معزز ججز کی تضحیک کے مرتکب ہوئے ہیں ،ْدرخوراست گزار

بدھ 4 اکتوبر 2017 16:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2017ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی پارٹی پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے عدلیہ مخالف تقاریر پر سپریم کورٹ میں ’توہین عدالت‘ کی درخواست دائر کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے حال ہی میں دوبارہ منتخب ہونے والے صدر نواز شریف کے خلاف ’توہین عدالت‘ کی درخواست پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر احسن الدین شیخ کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے کہا کہ عدالت نے نواز شریف کو نا اہل قرار دیا تھا جبکہ سابق وزیراعظم نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا۔درخواست میں کہا گیا کہ نواز شریف عدالتی فیصلے پر توہین آمیز تنقید کے باعث عدالتی فیصلے اور معزز ججز کی تضحیک کے مرتکب ہوئے ہیں۔انہوں نے سابق وزیراعظم کی تقریر نشر کرنے پر پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پمرا ابصار عالم اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں۔جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر احسن الدین شیخ نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ نواز شریف اور ابصار عالم کے خلاف ’توہین عدالت‘ کی کارروائی کی جائے۔