Live Updates

نوازشریف اور زرداری پاکستان کی دھرتی کا مال کھا رہے ہیں ،

تحریک انصاف ملک کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر لٹیروں کیساتھ جنگ لڑ رہی ہے ،ملک میں کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر جنوبی پنجاب کے عوام سمیت پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں کیاجاسکتا ‘ پی ٹی آئی زرعی ، معاشی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ،تحریک انصاف ٹکٹوں کی سیاست نہیں عوام کے حقوق کے تحفظ کی سیاست کر نے کی خواہاں ہے ‘عمران خان کی قیادت میں ملک کے تمام عوام کو پہلے کی نسبت اب مکمل طور پر شعور آچکا ہے، صادق آباد میں پینے کے صاف پانی، ہسپتالوں میں ادویات کا نایاب ہونا ، سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سیوریج کا نظام درہم برہم، کسانوں کا استحصال اور دیگر بنیادی سہولتوں کے نہ ہونے کی بنیادی وجہ کرپشن ہے ، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیرخان ترین کا تقریب سے خطاب

ہفتہ اکتوبر 16:53

نوازشریف اور زرداری پاکستان کی دھرتی کا مال کھا رہے ہیں ،
صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 اکتوبر2017ء) نوازشریف اور آصف زرداری پاکستان کی دھرتی کا مال کھا رہے ہیں ،تحریک انصاف ملک کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر لٹیروں کیساتھ جنگ لڑ رہی ہے ،ملک میں کرپشن کا خاتمہ کیے بغیر جنوبی پنجاب کے عوام سمیت پاکستان کی عوام کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں کیاجاسکتا ‘ پی ٹی آئی زرعی ، معاشی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی تحریک انصاف ٹکٹوں کی سیاست نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کی سیاست کر نے کی خواہاں ہے ‘عمران خان کی قیادت میں ملک کے تمام عوام کو پہلے کی نسبت اب مکمل طور پر شعور آچکا ہے صادق آباد میں پینے کے صاف پانی، ہسپتالوں میں ادویات کا نایاب ہونا ، سٹرکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، سیوریج کا نظام درہم برہم، کسانوں کا استحصال اور دیگر بنیادی سہولتوں کے نہ ہونے کی بنیادی وجہ کرپشن ہے جو اوپر سے شروع ہوتی ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیرخان ترین نے گزشتہ روز صادق آباد میں سیڈ ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین رانا سلمان محمود خاںکی تحریک انصاف میں شمولیت کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوںنے کہاکہ عمران خان نے کرپشن کیخلاف جہاد کرنے کا عزم کر رکھا ہے ملک کے عوام عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں لوٹ مار کی سیاست کا وقت اب ختم ہو چکا ہے گزشتہ سالوں سے ملک کے نوجوانوں کی سوچ اب مکمل طو رپر تبدیل ہو چکی ہے صادق آباد میں رانا سلمان محمود خاں کی شمولیت سے پاکستان تحریک انصاف مزید مضبوط ہو گی انھوںنے کہاکہ صادق آباد میں پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے میونسپل کمیٹی میں ایماندار لوگوں کا ہونا ضروری ہے پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروا کر صرف فارمیلٹی پوری کی ہے ،کے پی کے میں بلدیاتی نظام بہتر اورموثر ہے جس سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے جبکہ پنجاب کے بلدیاتی نمائندے نہ صرف بے اختیار ہیں بلکہ انہیں فنڈز بھی فراہم نہیں کئے جارہے ، انھوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کی تعمیر وترقی کے دعوے کرنیوالوں کو 2018ء کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے نوجوان اور عوام ووٹ کی پرچی سے شکست سے دو چار کریں گے حکمرانوںنے جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے کا ٹھیکہ اٹھا رکھا ہے ، تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک سے مہنگائی ، بے روزگاری، بد امنی ، لاقانونیت ، نا انصافی کو ختم کر کے عوام کو انصاف فراہم کرنے کیلئے اپنا کردارادا کرتی رہے گی ۔

رانا سلمان محمود خاںجیسے مضبوط اعصاب کے نوجوان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کا ماضی بے داغ ہے پی ٹی آئی جمہوریت کو کسی بھی صورت غیر مستحکم نہیں ہونے دے گی۔سیڈ ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین رانا سلمان محمود خاں نے اشفاق وڑائچ و دیگرساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میں نے کبھی ڈر اور خوف کی سیاست نہیں کی اور ہمیشہ صادق آباد کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقہ کی ترجمانی کیلئے اقتدار پربراجمان رہنے والے لوگوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے جنوبی پنجاب کی ترقی کے دعوے کرنیوالوں نے ملکی معشیت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے اور ستر فیصد عوام گٹروں کا گندا پانی پینے پر مجبور ہیں انھوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کو پانی، صحت، تعلیم ، روزگار جیسی سہولتیں میسر نہ ہونے کے برابر ہیں پی ٹی آئی میں شامل ہو کر ا س بات کا عزم کرتا ہوں کہ عمران خان کے ویژن اور پارٹی کے تشخص کو برقرار رکھنے کیلئے جدوجہد جاری رکھوں گا، ٹکٹ کا شوق ہے نہ اقتدار کی لالچ اور نہ ہی کرسی کی ہوس ، میرا مقصد ظلم کیخلاف ہونیوالی جنگ کا حصہ بننا ہے پارٹی جس کارکن کو بھی حلقہ پی پی 296کا ٹکٹ دے گی اس کو کندھے پر اٹھا کر میدان میں اتریں گے۔

اس موقع پرپی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خان خاکوانی ‘رئیس ممتاز مصطفی ایڈووکیٹ‘شاہد طالب ‘سردار شفیق حیدر لغاری‘ عون عباسی پپی‘ جمشید اقبال چیمہ ‘رانامسعود مجید خاں‘فیصل نثارودیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میںضلعی صدر خواتین ونگ فوزیہ عباس‘ چوہدری سجاد وڑائچ‘ سٹی صدر چوہدری محمداکرم‘ سعید ثاقب ‘ شاہد امیر شاہد‘ حافظ ندیم ‘آصف مجید‘ میاں غوث‘ صائمہ طارق سمیت پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنان نے شرکت کی ۔

دریں اثناء رانا سلمان محمود خاں کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ایک ریلی نکالی، شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں بینرزاور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جو شہر کی مختلف شاہرائوں سے ہوتے ہوئے تقریب میں پہنچی ، جہانگیر ترین کا صادق آباد پہنچنے پر فقیدالمثال استقبال کیا گیا ۔ بعد ازاں جہانگیر ترین نے ماڈل ٹائون میں پی ٹی آئی دفتر کا افتتاح بھی کیا ۔
نواز شریف ہسپتال منتقل سے متعلق تازہ ترین معلومات