قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) ‘ سینٹ کا (کل) پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا

سینٹ اجلاس میں کاغذات نامزدگی فارم میں ختم نبوت ؐکے حوالے سے شق منظور ‘ نواز شریف کے دوبارہ مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہونے پر مذمتی قرارداد ‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے استعفے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی واپسی کے لئے اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کا امکان

اتوار 8 اکتوبر 2017 13:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اکتوبر2017ء) قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) پیر اور سینٹ کا اجلاس (کل) منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا‘ سینٹ اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل میں کاغذات نامزدگی فارم میں ختم نبوت کے حوالے سے شق منظور کی جائے گی جبکہ ایوان بالا میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے دوبارہ مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہونے پر مذمتی قرارداد ‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے استعفے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی واپسی کے لئے اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد (آج) پیر کو شام پانچ بجے سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوگا۔ اجلاس میں معمول کا ایجنڈا مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سینٹ کا ہنگامہ خیز اجلاس (کل) منگل کو سہ پہر تین بجے چیئرمین میاں رضا ربانی کی زیر صدارت ہوگا۔ سینٹ اجلاس میں تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو دوبارہ مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب کرنے پر مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سینٹ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نیب میں کیسز کی وجہ سے ان کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حال ہی میں وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھی شدید احتجاج کیا جائے گا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا جائیگا۔