احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت (آج)ہوگی

سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی جانب سے پیش ہونے کا امکان

اتوار اکتوبر 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2017ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت (آج)پیر کو ہوگی ،ْسابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی جانب سے پیش ہونے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت (آج)پیر کو ہوگی ۔

دو اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے دور ان سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر سابق وزیر اعظم نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز ،ْ حسین نواز اور کیپٹن ریٹائر محمد صفدر کیخلاف عدالت میں پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جبکہ گذشتہ سماعت کے دوران ہی مریم نواز کے وکیل کی جانب سے اپنی موکلہ کی آئندہ سماعت میں پیشی کی یقین دہانی کرانے کے بعد عدالت نے ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائر صفدر (آج)پیر کو عدالت میں پیش ہونگے ذرائع کے مطابق حسین نواز اور حسن نواز اپنے والدہ کے پاس رہیں گے ۔مریم نواز نے وطن روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم احتساب عدالت میں پیش ہونگے اور نظام عدل کو آزمائیں گے ۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز کیس کے فیصلے میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں کے خلاف 3 ریفرنسز دائر کیے گئے تھے تاہم مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کا نام ایون فیلڈ ایونیو میں موجود فلیٹس سے متعلقہ ریفرنس میں شامل ہے۔

عدالت کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ریفرنسز کی کاپی فراہم کرنے کے بعد فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کی جائے گی۔