احتساب عدالت میں نوازشریف اور انکے بچوں کے خلاف نیب کی طرف سے دائر ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی

مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر (آج ) عدالت میں پیش ہونگے ،سیکورٹی کے سخت انتظامات سابق وزیراعظم ، حسن نواز اور حسین نواز عدالت میں پیش نہیں ہوں گے

اتوار 8 اکتوبر 2017 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 اکتوبر2017ء) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف نیب کی طرف سے دائر ریفرنسز کی سماعت آج (پیر) کو ہوگی ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر(آج ) عدالت میں پیش ہو نگے ، سابق وزیراعظم نوازشریف، حسن نواز اور حسین نواز عدالت میں پیش نہیں ہوں گے ،کیس کی سماعت کے موقع پر احتساب عدالت کی سیکیورٹی کو انتہائی سخت کردیا گیا اور مریم نواز کیپٹن صفدر کے ساتھ صرف ان وزراء اور پارٹی رہنمائوں کو احاطہ عدالت جانے کی اجازت دی جائی گی جن کے نام پہلے سے پولیس کو دیے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر آج پیر کو سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف نیب کی طرف سے دائر تین ریفرنسز کی سماعت کریں گے ، گزشتہ پیشی پر غیر حاضری کے باعث عدالت کی طرف سے حسن نواز، حسین نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل وارنٹ جاری کئے گئے تھے جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ جاری ہوئے تھے سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی اہلیہ کے علاج کے باعث لندن میں ہیں جبکہ ان کے دونوں بیٹے حسین اورحسن بھی لندن میں ہی ہیں اس پیشی پر صرف کیپٹن (ر) صفدر اور مریم نواز عدالت جائیں گی ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی احتساب عدالت میں پیشی کیلئے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اس بار رینجرز کی بجائے پولیس کے دستے سیکیورٹی سرانجام دیں گے اور جوڈیشل کمپلیکس میں صرف ان لوگوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جن کے نام پیشگی پولیس کو دیے جائیں گے تاہم کمرہ عدالت میں صرف مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکلاء ہی جا سکیں گے ۔ میڈیا کے نمائندوں کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی تاہم کمرہ عدالت میں چند میڈیا نمائندے موجود ہوں گے جنہیں احتساب عدالت کے رجسٹرار کی طرف سے اجازت حاصل کرنا پڑے گی۔